سری نگر//سپیکرجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے آج سینئر اَفسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آنے والے خزاں سیشن کے ہموار اور مؤثر اِنعقاد کے لئے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔سیشن 21 ؍ستمبر 2026 ء سے سری نگر میں شروع ہوگا۔میٹنگ سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈت، کمشنر سیکرٹری آئی ٹی سوربھ بھگت، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈِی ایم راجو، کمشنر سیکرٹری قانون،اِنصاف و پارلیمانی امور اچل سیٹھی،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ کے علاوہ سیکورٹی، ٹریفک، اطلاعات، مہمان نوازی و پروٹوکول، ایسٹیٹس، صحت، ایوش، ایس ایم سی، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دوران میٹنگ سپیکر موصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ قانون ساز سیشن کے کامیاب اِنعقاد کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی رابطہ، پیشگی منصوبہ بندی اور اعلیٰ درجے کی اِنتظامی تیاری کی ضرورت ہے۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے آئندہ خزاں سیشن کو مختصر بڑی ذمہ داری کا حامل قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ اِنتظامات کے ہر پہلو کو مناسب اہمیت دِی جانی چاہیے۔ اُنہوں نے اَفسران کومتنبہ کیاکہ کسی بھی معاملے کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے کیوں کہ بروقت توجہ نہ دی جائے تو ’’چھوٹے مسائل بڑے مسائل کا سبب بن سکتے ہیں‘‘۔ اُنہوں نے مختلف اِنتظامات پر تفصیلی بات چیت کی اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔دوران میٹنگ سکیورٹی اِنتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ سپیکر موصوف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اسمبلی سیکرٹریٹ اور ایم ایل اے ہوسٹل میں جامع اور فول پروف سکیورٹی اِنتظامات یقینی بنائے جائیںجبکہ تمام سکیورٹی اور اِنتظامی ایجنسیوں کے درمیان باہمی رابطے پر خصوصی توجہ دی جائے۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے قانون ساز امور کے حوالے سے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈِی) کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام متعلقہ محکمے مقررہ مدت کے اندر اسمبلی سوالات کے جوابات فراہم کریں۔ اُنہوں نے محکموں کو مزید ہدایت دی کہ محکمے قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ کے ساتھ مؤثر رابطے کے لئے نوڈل اَفسران مقرر کریں تاکہ سیشن سے متعلق معاملات پر جلد اور مؤثر طریقے سے کارروائی ہو سکے۔اُنہوںنے ٹرانسپورٹ اور پارکنگ کے اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ارکانِ قانون ساز اسمبلی کی سہولیت کے لئے مناسب اِنتظامات کئے جائیں اور عام لوگوں کو ہونے والی پریشانی کو کم سے کم کیا جائے۔سپیکرعبدالرحیم راتھر نے ہدایت دی کہ حکومتی بِل قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ کو جلد از جلد پیش کئے جائیں تاکہ ان کا بروقت معائینہ اور سیشن کے دوران کاروائی اور مناسب شیڈولنگ کو یقینی بنایا جاسکے۔سیشن کو نیشنل اِی۔ودھان ایپلی کیشن (این اِی وِی اے) کے نفاذ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔اُنہوں نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ سیشن کے دوران مستقل وائی فائی، اِنٹرنیٹ کنکٹویٹی اور ہر قسم کی تکنیکی معاونت یقینی بنائی جائے۔اُنہوں نے اسمبلی احاطے اور دیگر نشاندہی شدہ علاقوں کے آس پاس ٹریفک کے مؤثر ضبط و انتظام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سیشن کے دوران عام لوگوںکی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔سپیکر موصوف نے شہری اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے پی ایچ اِی اور پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈِی ڈِی) کو ہدایت دی کہ سیشن کے دوران پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی)کو اسمبلی کے احاطے اور ایم ایل اے ہوسٹل کے اندر اور اطراف میں مناسب صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اِنتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔اُنہوںنے صحت اور آیوش محکموں کو بھی ہدایت دی کہ ارکان، عملے اور آنے والے وزرأ کی سہولیت اور بہبود کے لئے مناسب اِنتظامات کئے جائیںجن میں اسمبلی کی عمارت میں ضروری طبی اور آیوش سٹالز،سہولیات کا قیام بھی شامل ہے۔محکمہ اطلاعات کو ہدایت دی گئی کہ سیشن کی کارروائی کی میڈیا اور پریس کوریج کے لئے جامع اِنتظامات کئے جائیں اور دوران سیشن میڈیا سے متعلقہ امور میں مناسب ہم آہنگی اور نظم و ضبط کو یقینی بنائے۔سپیکرجموںوکشمیرقانون ساز اسمبلی نے تمام متعلقہ محکموں اور اَفسران سے اپیل کی کہ وہ قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، مقررہ وقت کی پابندی کریں اور سیشن شروع ہونے سے پہلے تمام ضروری اِنتظامات مکمل کئے جائیں۔اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقصد قانون سازسیشن کی کارروائی خوش اسلوبی، نظم و ضبط، نتیجہ خیز اور وقار کے ساتھ یقینی بنانا ہے تاکہ مقننہ کی آئینی و اِدارہ جاتی ذِمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھایا جاسکے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی توقعات پر پورا اُترا جاسکے۔










