کشمیر میں مریضوں کے علاج معالجہ میں نمایاں تبدیلی آئےگی/ سکینہ ایتو
سرینگر / / این این بی // اونتی پورہ میں قائم ہونے والے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) میں جلد ہی 100 ایم بی بی ایس طلبہ کے لیے تدریسی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی کی بات کرتے ہوئے وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ بیرونی مریضوں کے شعبے (او پی ڈی) کو بھی عنقریب فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایمز اونتی پورہ کے فعال ہونے سے وادی کشمیر میں مریضوں کو جدید اور اعلیٰ طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور لوگوں کو علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔نیشنل نیوز بیور ( این این بی ) کے مطابق وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جگت پرکاش نڈا کے ایمز اونتی پورہ کے دورے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر نے ادارے میں جاری تعمیراتی کاموں اور اسے فعال بنانے کے لیے کیے جارہے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی اور اطمینان کی بات ہے کہ مرکزی وزیر صحت نے، جنہوں نے اس سے قبل ایمز اونتی پورہ میں ایم بی بی ایس کی 50 نشستوں کا اعلان کیا تھا، اب ان کی تعداد بڑھا کر 100 کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق ادارے میں جلد ہی 100 ایم بی بی ایس طلبہ کی کلاسیں شروع ہوں گی، جس سے خطے میں طبی تعلیم کے شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔وزیر صحت نے کہا کہ ایمز اونتی پورہ میں او پی ڈی خدمات شروع ہونے سے کشمیر کے مریضوں کو بہت بڑی راحت ملے گی۔ فی الوقت جدید اور خصوصی طبی علاج کی ضرورت پڑنے پر متعدد مریضوں کو طویل مسافت طے کرکے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، تاہم ایمز کے فعال ہونے سے انہیں اپنے ہی خطے میں اعلیٰ سطح کی طبی سہولیات میسر آسکیں گی۔سکینہ ایتو نے مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ اس اہم طبی ادارے کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمز اونتی پورہ جموں و کشمیر کے صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے اور اس کی جلد تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گزشتہ دو برسوں کے دوران ایمز اونتی پورہ کے تعمیراتی مقام کا متعدد مرتبہ دورہ کیا ہے جبکہ وہ خود بھی ان کے ہمراہ ان دوروں میں شامل رہی ہیں۔ ان دوروں کا مقصد منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ادارے کی تعمیر جلد مکمل ہو اور اسے عوام کے لیے فعال بنایا جاسکے۔وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ایمز اونتی پورہ کو جلد عملی طور پر شروع کیا جائے تاکہ وادی میں مریضوں کی دیکھ بھال، خصوصی علاج معالجے اور طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ادارے کے فعال ہونے سے نہ صرف عام لوگوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ کشمیر کے طبی شعبے کو بھی ایک نئی جہت ملے گی۔










