جاوید رانا نے کٹھوعہ میں جن جاتیہ دیوس پکھواڑا میں شرکت کی

جاوید رانا نے کٹھوعہ میں جن جاتیہ دیوس پکھواڑا میں شرکت کی

قبائلی فلاح و بہبود اور مستقل آباد کاری کلیدی ترجیحات ہیں ۔ رانا

کٹھوعہ//وزیر برائے قبائلی امور ،خوراک و امورصارفین اور ٹرانسپورٹ مسٹر جاوید احمد رانا نے ڈی سی آفس کمپلیکس کٹھوعہ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ جن جاتیہ دیوس پکھواڑا پروگرام میں شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت قبائلی برادریوں کی مستقل آباد کاری کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہی ہے تا کہ ان کی دیرینہ مشکلات کو کم کیا جا سکے اور ان کے حالات زندگی بہتر بنائے جا سکیں ۔ انہوں نے زور دیا کہ قبائلی آبادی کے سماجی و معاشی مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ جن جاتیہ دیوس پکھواڑا قبائلی برادریوں کے فلاحی سفر کا جائیزہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے جبکہ ان کی انمول خدمات ، بھر پور ثقافتی روایات اور ورثے کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے رابطہ کاری کی کوششوں کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے ۔ کٹھوعہ کو اتحاد اور بھائی چارے کی علامت قرار دیتے ہوئے ،جو اپنے متنوع سماجی تانے بانے کی وجہ سے مشہور ہے ، انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ قبائلی برادریوں کے مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے اجتماعی کوششیں کریں ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی ترقیاتی خواہشات کو ہر سطح پر منصوبوں اور پروگراموں کی تیاری کے دوران مناسب طور پر مدِ نظر رکھا جائے گا ۔ مسٹر رانا نے فلڈ کنٹرول کے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی کہ سیلاب سے متاثرہ آبادیوں میں بحالی اور حفاظتی کاموں کو تیزی سے مکمل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مقصد کیلئے پہلے ہی مناسب فنڈز منظور کر چکی ہے ۔ اس سے قبل افتتاحی اجلاس میں دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کی زندگی ، نظریات اور خدمات پر تفصیلی پرذنٹیشن دی گئی ۔مختلف قبائلی برادریوں کے نمائندوں اور مقررین نے پروگرام کے دوران مختلف مطالبات ، شکایات اور ترقیاتی مسائل بھی اجاگر کئے ۔ پروگرام میں ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ ، ڈائریکٹر ٹرائبل افئیرز ، سیکرٹری ایڈوائزری بورڈ برائے ترقی گوجر و بکروال ، اے ڈی ڈی سی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔