لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس ، محکمہ جیل خانہ جات اور اِنٹلی جنس ایجنسیوں کے درمیان دہشت گردنیٹ ورکس، بنیاد پرستی اور اَمن و امان کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مربوط کوآرڈی نیشن میکانزم پر زور دیا
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے لوک بھون میں محکمہ جیل خانہ جات کے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر بھر میں جیلوں کی سکیورٹی اور اِنتظامی پروٹوکول کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں ڈِی جی پی نیلن پربھات، ڈِی جی پی جیل خانہ جات جموں و کشمیر دیپک کمار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ چندراکر بھارتی، سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، اے ڈِی جی سی آئی ڈِی ایم کے سِنہا، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گووند جیسوال، ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی بی جموں و کشمیر و لداخ پنکج کمار ٹھاکر اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جیل اِنتظامیہ کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے پولیس، محکمہ جیل خانہ جات اور اِنٹلی جنس ایجنسیوں کے درمیان مربوط کوآرڈی نیشن میکانزم کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے دہشت گرد نیٹ ورکس، بنیاد پرستی اور اَمن و امان کے خطرات سے نمٹنے کے لئے پولیس، محکمہ جیل خانہ جات اور اِنٹلی جنس ایجنسیوں کے درمیان باقاعدگی سے جائزہ میٹنگ منعقد کرنے اور اِنٹلی جنس معلومات کے تبادلے کی ہدایت دی۔اُنہوںنے جیل کے احاطے اورآس پاس کے علاقوں کی اچانک چیکنگ کے ساتھ ساتھ کسی بھی ضبط شدہ الیکٹرانک آلات کے فرانزک تجزیے کی ہدایت دِی۔میٹنگ میں جیلوں میں مختص پرزن اِنٹلی جنس یونٹوں کے قیام ، تمام جیلوں میں بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب، قیدیوں کے لئے ٹیلی میڈیسن سہولیات کی توسیع اور محکمہ جیل خانہ جات میں اِنسانی وسائل کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مہان پور میں زیرتعمیر ہائی سکیورٹی جیل کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ باقی ماندہ کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔










