سرینگر//حکومت نے سوپور ٹاؤن میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے اور اہم راستوں بالخصوص سوپور فروٹ منڈی سے وابستہ راستوں پر رابطہ بہتر بنانے کیلئے تخمینہ 323.41 کروڑ روپے کی لاگت والے چار بڑے روڈ انفراسٹرکچر منصوبے تیار کئے ہیں ۔ یہ بات نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سوپور کے ایم ایل اے ارشاد رسول کار کے سوپور ٹاؤن کیلئے ڈیکنجیشن پلان کی تفصیلات طلب کرنے والے سوال کا جواب دیتے ہوئے بیان کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ایوان کو مطلع کیا کہ سوپور ٹاؤن کو ڈی کنجسٹ کرنے کیلئے متعلقہ ایم ایل اے کی سفارشات پر مختلف روڈ منصوبے تیار کئے گئے ہیں اور حکومت فی الحال ان منصوبوں کو کسی بھی پلان یا اسکیم کے تحت فنڈ دینے کے ذرائع تلاش کر رہی ہے ۔ تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تجاویز میں سوپور ۔ مزبگ ۔ لڈورہ سڑک کی اپ گریڈیشن /چوڑا کرنے کا کام شامل ہے جس کی تخمینہ لاگت 24952.45 لاکھ( 249.52 کروڑ ) روپے ہے ، صوفی اکبر ۔ چن خان سڑک کی اپ گریڈیشن 1012.11 لاکھ ( 10.12 کروڑ ) روپے ، سوپور ۔ بانڈی پورہ سڑک کی اپ گریڈیشن 2971.14 لاکھ ( 29.71 کروڑ) روپے اور منزل بگ ۔ اشپیر سڑک کی ترقی /مضبوطی کا کام 3405.70 ( 34.06 کروڑ ) روپے شامل ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے مزید دوہرایا کہ شناخت شدہ منصوبے پہلے ہی سوپور شہر کی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات پوری کرنے کی کوششوں کے حصے کے طور پر تیار کر لئے گئے ہیں ۔ کسی مناسب منصوبے یا اسکیم کے تحت ان کی منظوری ان کے نفاذ کی طرف مزید کارروائی کا راستہ ہموار کرے گی۔ ایم ایل اے نے سوال پر ضمنی سوال بھی اٹھایا ۔










