نئی دہلی/یواین آئی// جنوبی ہندوستان کے مختلف علاقوں، بشمول تمل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک اور دیگر مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعرات کو بتایا کہ اس دوران شمالی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں اس ہفتے موسم خشک رہنے کی توقع ہے ۔ ان علاقوں میں ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، پنجاب، ہماچل پردیش اور راجستھان شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کے جمعرات کو جاری کردہ بلیٹن کے مطابق، سات اور آٹھ نومبر کو تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے ۔ وہیں پانچ نومبر کو ساحلی آندھرا پردیش، جنوبی اندرونی کرناٹک اور تمل ناڈو، پڈوچیری و کرائیکل کے بعض مقامات پر بھی بھاری بارش ہونے کا امکان ہے ۔ آنے والے دنوں میں کیرالہ، ماہے اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں بھی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش، رائل سیما اور کرناٹک کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ پانچ نومبر کو ساحلی آندھرا پردیش اور رائل سیما کے بعض مقامات پر 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ہوا کے جھکڑوں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔










