جموں و کشمیر ویمنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ کی ازسرنو تشکیل

جموں و کشمیر ویمنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ کی ازسرنو تشکیل

سماجی بہبود ،مالیات اور منصوبہ بندی کے سربراہان کو شامل کیا گیا

سرینگر//یواین ایس / جموں و کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر ویمنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرنو تشکیل عمل میں لاتے ہوئے اس میں سماجی بہبود، مالیات اور منصوبہ بندی سے متعلق اعلیٰ افسران کے علاوہ مرکزی حکومت کے تحت کام کرنے والے مختلف مالیاتی و ترقیاتی اداروں کے سربراہان کو شامل کیا ہے۔اس سلسلے میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے جمعہ کے روز سرکاری حکم نامہ نمبر 1540۔جے کے (جی اے ڈی) 2026 جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق یہ نئی تشکیل 26 جون 2020 کو جاری کیے گئے سابقہ حکومتی حکم نامہ نمبر 681۔جے کے (جی اے ڈی) 2020 کی جگہ نافذ ہوگی۔نئے بورڈ کی سربراہی سماجی بہبود کے محکمے کے وزیر کریں گے، جبکہ محکمہ مالیات کے انتظامی سیکریٹری کو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ منصوبہ بندی، ترقی و نگرانی کے انتظامی سیکریٹری بھی بورڈ میں بطور ڈائریکٹر شامل ہوں گے۔محکمہ سماجی بہبود کے انتظامی سیکریٹری کو بھی بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ڈائریکٹر کی حیثیت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نئی دہلی میں قائم نیشنل ہینڈی کیپڈ فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین کم منیجنگ ڈائریکٹر، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور نیشنل مائنارٹیز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین کم منیجنگ ڈائریکٹر کو بھی بورڈ میں ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر ویمنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن اور ڈائریکٹر ہوں گے۔حکومتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ غیر سرکاری ارکان کی نامزدگی سے متعلق الگ احکامات محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے بعد میں جاری کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے حکومت ہند کے ساتھ ساتھ بورڈ کی چیئرپرسن سے نامزدگیاں طلب کی جائیں گی اور یہ عمل کارپوریشن کے آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے مطابق انجام دیا جائے گا۔حکم نامہ جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اس پر حکومت کے کمشنر و سیکریٹری ایم راجو، آئی اے ایس کے دستخط ہیں۔ویمنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا مقصد خواتین کو مالی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے، خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور مختلف ترقیاتی و مالیاتی اسکیموں تک ان کی رسائی آسان بنانے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔