سری نگر//نیشنل ڈیفنس اکیڈمی میں منتخب ہونے پر اُترپردیش کی مسلم لڑکی ثانیہ مرزا کی ستائش کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج میں تمام ذاتوں اور مذاہب کے نوجوانوں کیلئے مواقع ہیں۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق لکھنومیں ایک یونیورسٹی کے کنووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ہندوستانی مسلح افواج میں تمام ذاتوں اور مذاہب کے نوجوانوں کیلئے مواقع ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایک مسلمان لڑکی ثانیہ مرزا کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد ہندوستان کی پہلی خاتون مسلم فائٹر پائلٹ بن جائیں گی۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب دفاعی افواج میں خواتین کی نمائندگی مشکل سے ہوتی تھی لیکن آج جنگی جہازوں اور سیاچن جیسے انتہائی علاقوں میں خواتین کو تعینات کیا جاتا ہے۔مرزا پور کے ایک ٹی وی مکینک کی بیٹی ثانیہ مرزا نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (NDA) کے داخلہ امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ثانیہ مرزااُترپردیشن کے مرزا پور دیہات کوتوالی پولیس اسٹیشن کے تحت جسوور گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں، ملک کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ اونی چترویدی کی طرح فائٹر پائلٹ بننے کی خواہش رکھتی ہیں۔ہندی میڈیم اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والی ثانیہ مرزا نے کہا کہ ہندی میڈیم کے طلبہ بھی اگر عزم کریں تو کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔27 دسمبر کو، وہ پونے میں این ڈی اے کھڑکواسلا میں شامل ہوئیں۔ثانیہ مرز کی دسویں جماعت تک کی تعلیم ان کے گاؤں میں ہی مکمل ہوئی۔ اُس نے پنڈت چنتامنی دوبے انٹر کالج میں پرائمری سے کلاس 10 تک تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد وہ شہر کے گرو نانک گرلز انٹر کالج چلی گئیں۔ وہ 12ویں اتر پردیش بورڈ میں ضلعی ٹاپر تھیں او راُس نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (NDA) کے لیے اپنی تیاری شروع کر دی تھی۔










