Mushtaq Zargar

NIAٹیموں کی 8اضلاع میں چھاپہ ماری

الہدیٰ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے فنڈنگ طریقہ کار اور سرگرمیاں

سری نگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کو جموں و کشمیر میں ملی ٹنسی فنڈنگ کے معاملے میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے جن کا مبینہ طورپرتعلق الہدیٰ ایجوکیشنل ٹرسٹ کی مشتبہ سرگرمیوں سے تھا۔جے کے این ایس کے مطابق انسداد دہشت گردی ایجنسیNIAکی الگ الگ ٹیموں نے جموں و کشمیر کے راجوری، پونچھ، جموں، سری نگر، پلوامہ، بڈگام، شوپیاں اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں کئی مقامات پر تلاشی لی۔ایک میڈیا رپورٹ میں این آئی اے کے ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاکہ یہ معاملہ جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں الہدیٰ ایجوکیشنل ٹرسٹ کی مشتبہ سرگرمیوں سے متعلق ہے۔این آئی اے کے ذریعہ الہدیٰ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے فنڈنگ طریقہ کار اور سرگرمیوں کے بارے میں ازخود مقدمہ درج کیا گیا تھا، جو جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے لئے ایک فرنٹ لائن ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے۔خیال رہے جماعت اسلامی کویواے (پی)اے 2019 کے تحت’غیر قانونی انجمن‘قرار دیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کی متعدد ٹیموں نے مخصوص معلومات کی بنیاد پر یہ چھاپے مارے۔ یہ چھاپے جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ساتھ مل کر کئے گئے۔ایک اورمیڈیا رپورٹ میں بتایاگیاکہ این آئی اے کی الگ الگ ٹیموںنے معروف مذہبی مبلغ اور دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے مہتمم مولانارحمت اللہ قاسمی کی رہائش گاہ کے علاوہ سری نگرمیں این آئی ٹی سری نگر کے پروفیسر صمام احمدلون کے گھر پر بھی چھاپہ ڈالا،اوردونوںمقامات پرتلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔