سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے چار نمایاں این ای ای ٹی کامیاب طلباء کو نوازا ، جنہوں نے ملک کے اعلیٰ ترین طبی داخلہ امتحان میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ چار ٹاپرز حدیہ نصیر ، زیدان وانی ، آرو گپتا اور ملیحہ اعجاز کو وزیر اعلیٰ نے ان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں ہر ایک کو ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام ، ایک ٹیبلٹ اور سرٹیفکیٹ آف اپریسی ایشن دے کر نوازا ۔ طلبہ کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ان کی سخت محنت ، لگن اور ثابق قدمی کو سراہا اور ان کے والدین اور اساتذہ کو ان کے تعلیمی سفر میں دی گئی معاونت اور رہنمائی پر داد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ان چار طلبہ کی یہ کامیابی جموں و کشمیر کیلئے فخر کی بات ہے اور یہ دیگر نوجوان طلبہ کو لگن اور مسلسل محنت کے ذریعے پوزیشن حاصل کرنے کی تحریک دے گی ۔ اس موقع پر وزیر تعلیم محترمہ سکینہ ایتو ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ، زیڈ ای اوز ، سی ای اوز ، متعدد سکولوں کت پرنسپلز ، طلبہ اور کامیاب طلبہ کے فخر مند والدین موجود تھے ۔ اعزازی تقریب کے دوران ایک تعاملی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں طلبہ ، اساتذہ اور والدین کو وزیر اعلیٰ کے سامنے تعلیم اور طلبہ کی بہبود کے مختلف پہلوؤں پر اپنی تجاویز اور تاثرات پیش کرنے کا موقع ملا ۔ وزیر اعلیٰ نے تجاویز سُنیں اور شرکاء کو یقین دلایا کہ اس بات چیت کے دوران اٹھائے گئے مسائل اور سفارشات پر غور کیا جائے گا ۔










