لیفٹیننٹ گورنر نے راجور ی میں دھرپور سندر بنی میں امرتیشور سروور کا سنگ بنیاد رکھا

لیفٹیننٹ گورنر نے راجور ی میں دھرپور سندر بنی میں امرتیشور سروور کا سنگ بنیاد رکھا

ایل جی نے جموں وکشمیر میں دہشت گردی ، منشیات کے اِستعمال اور رشوت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی و روحانی نشاۃ ثانیہ کے فروغ دینے میں کمیونٹی یکجہتی کے اہم کردار کو اُجاگر کیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے ضلع راجوری کے دھر پور سندربنی میں جن سنچائے، جن بھاگیداری اَقدام کے تحت امرتیشور سروور کا سنگ بنیاد رکھا۔اُنہوںنے اَپنے دورے کے دوران شری امرتیشور شیو مندر میں حاضری دی اور سب کی اَمن، خوشحالی اور بھلائی کے لئے دُعا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایک عوامی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقامی کمیونٹی اور شری امرتیشور شیو مندر وکاس سمیتی کو پوتر مقام کے قیام اور ترقی میں اُن کی اِجتماعی کوششوں کی ستائش کی۔اُنہوںنے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں دہشت گردی، منشیات کے اِستعمال اور رشوت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی اور روحانی نشاۃِ ثانیہ کو آگے بڑھانے میںکمیونٹی یکجہتی کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔منوج سِنہانے کہا،’’ہندوستان ایک عظیم روحانی احیأکے دور سے گزر رہا ہے۔یہ ثقافتی لہر پورے جموں و کشمیر میں محسوس کی جا رہی ہے جو لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لا رہی ہے اور ہمارے سماجی رِشتوں کو مضبوط بنارہی ہے۔‘‘اُنہوںنے لوگوںپر زور دیا کہ وہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کے خلاف چوکس رہیں، مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں اور دہشت گردی کے حامیوں کو مکمل طور پر الگ تھلگ کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’سیکورٹی فورسز اکیلے دہشت گردی کو شکت نہیں دے سکتیں۔ اس خطرے کے خاتمے کے لئے پورے معاشرے کی مشترکہ کوشش ضروری ہے۔ پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر معاشرے کی متحدہ کوشش درکار ہے تاکہ منشیات اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے غیر قانونی مالی اور رسدی نظام کو تباہ کیا جا سکے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ فوج، سکیورٹی فورسز، جموں و کشمیر پولیس، مقامی اِنتظامیہ اور جموں و کشمیر کے باشندوں کی مشترکہ سکیورٹی اور سماجی کوششوں نے دہشت گردی کو نمایاں طور پر کمزور کیا ہے اور خطے کے سکیورٹی منظرنامے کو تبدیل کر دیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’ایک وقت تھا جب یہ اندیشہ ظاہر کیا جاتا تھا کہ جموں و کشمیر میں ترنگا اُٹھانے کے لئے کوئی ہاتھ آگے نہیں بڑھے گا۔ آج، یہ لاتعداد پُرعزم کندھوں پر فخر کے ساتھ بلند ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ کی جانب سے عوامی شکایات اور مقامی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کی جائیں گی۔اِس موقعہ پر ممبر اسمبلی کالا کوٹ ۔ سندر بنی ٹھاکر رندھیر سنگھ، صدرشری امرتیشور شیو مندر وکاس سمیتی اور چیلڈا بیرادری ستیہ پال شرما،صدر وشو ہندو پریشدجموں و کشمیر راجیش گپتا، آئی جی پی جموںبھیم سین توتی ،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ڈِی آئی جی راجوری۔پونچھ رینج سندیپ وزیر، ڈِی آئی جی اودھمپور۔ریاسی رینج شیو کمار شرما،ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، جنرل سیکرٹری شری امرتیشور شیو مندر وکاس سمیتی ڈاکٹر بھارت بھوشن اور دیگر اراکین، سینئر اَفسران اور زِندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شہری موجود تھے۔