اسپیکر نے بزگو اور نیل ناگ کا دورہ کیا ، سیاحت کی تیز تر ترقی اور بہتر رابطوں پر زور دیا

اسپیکر نے بزگو اور نیل ناگ کا دورہ کیا ، سیاحت کی تیز تر ترقی اور بہتر رابطوں پر زور دیا

یوسمرگ اور نیل ناگ کو ملانے والی باری نبل سڑک کی ترقی کی یقین دہانی کرائی

بڈگام//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر اور چرارِ شریف اسمبلی حلقہ کے رُکن قانون ساز اسمبلی ( ایم ایل اے ) مسٹر عبدالرحیم راتھر نے بڈگام ضلع میں چرارِ شریف اسمبلی حلقہ کے بزگو اور نیل ناگ علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی رہائشیوں سے ان کی ترقیاتی ضروریات اور مسائل کا جائیزہ لینے کیلئے بات چیت کی ۔ نیل ناگ جھیل کی ترقی پر بھی بات چیت ہوئی جس میں اس منزل کو سیاحت کے جدید اور پائیدار ماڈل پر تیار کرنے پر زور دیا گیا ۔ اسپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ مناسب سیاحتی سہولیات اور متعلقہ انفراسٹرکچر فراہم کئے جائیں گے تا کہ نیل ناگ سیاحوں کیلئے ایک پرکشش منزل بن سکے اور ساتھ ہی مقامی آبادی کو بھی فائدہ پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں ایک بڑی سیاحتی منزل اور مقامی آبادی کیلئے پائیدار روز گار و آمدنی کا ذریعہ بننے کی زبردست صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال سیاحت سے متعلقہ انفراسٹرکچر بشمول پارکس ، باڑ ، گیٹس اور واک ویز کی تعمیر کیلئے 71 لاکھ روپے خرچ کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تجویز کردہ کاموں کا مقصد علاقے میں مجموعی انفراسٹرکچر اور سیاحوں کے تجربے کو بہتر بنانا ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ نمایاں سیاحتی مقامات کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے بشمول یوسمرگ اور نیل ناگ کو جوڑنے والی باری نبل سڑک کی ترقی کی کوششیں کی جائیں گی تا کہ سیاح آسانی سے دونوں مقامات کا دورہ کر سکیں اور ان سے لطف اندوز ہو سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیل ناگ اور پوری ملحقہ سیاحتی پٹی کیلئے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ اپنایا جائے گا تا کہ منصوبہ بند انفراسٹرکچر کی ترقی اور سیاحوں کیلئے بہتر سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے یوسمرگ ، دودھ پتھری اور توسا میدان سمیت سیاحتی مقامات کی بندش کو مقامی معیشت پر منفی اثرات ڈالنے کے طور پر اجاگر کیا ۔ اسپیکر موصوف نے متعلقہ حکام سے کہا کہ اس سے سیاحت سے متعلقہ سرگرمیوں ، روز گار اور مقامی معیشت پر اثرات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے وہ اس فیصلے پر عوامی مفاد میں نظر ثانی کریں ۔ اسپیکر موصوف نے مزید کہا کہ بمیلبل ۔ یوسمرگ اور ڈوبل ۔ یوسمرگ سڑکوں کو بھی عوامی مطالبے پر غور کیا جائے گا تا کہ رابطہ کاری کو بہتر بنایا جا سکے اور علاقے کے مقامی باشندوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو آسان بنایا جا سکے ۔ مسٹر راتھر نے کہا کہ مہاراجہ روڈ کی ترقی کا تخمینہ تقریباً 12 کروڑ روپے کی لاگت سے پیش کیا گیا ہے ۔ مجوزہ ترقی سے سڑکوں کے رابطے میں بہتری متوقع ہے اور متعلقہ علاقوں تک بہتر رسائی فراہم ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ناگم ۔ نیل ناگ سڑک کی میکصمائیزیشن جلد شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ متعلقہ ایجنسی کام کی جلد تکمیل کو یقینی بنائے تا کہ سڑک کو جلد از جلد ٹریفک کے قابل بنایا جا سکے ۔ اسپیکر موصوف نے زور دیا کہ بزگو کی لنک سڑکوں کو میکڈمائیز کیا جائے گا تا کہ رہائشیوں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت ممکن ہو اور علاقے کے اندر رابطہ بہتر ہو ۔ اسپیکر موصوف نے یہ بھی کہا کہ ہائی سکول کے گرد دیوار کی تعمیر کیلئے 30 لاکھ روپے فراہم کئے گئے ہیں اور یہ کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا تا کہ طلباء اور عملے کیلئے محفوظ اور موزوں ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ اسپیکر موصوف کے ہمراہ یوسمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی سی او ، جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کی ایس ای ، پی ایچ ای چاڈورہ کے ایگزیکٹو انجینئر اور چاڈورہ و چرارِ شریف سب ڈویژنوں کے لائن ڈیپارٹمنٹس کے دیگر افسران بھی تھے ۔