کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے اور حزب اختلاف لیڈر راہل کے خط کا خیرمقدم
سرینگر/ وی او آئی// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز کانگریس پارٹی کی جانب سے جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے کی نئی کوشش کا خیرمقدم کرتے ہوئے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دیرینہ وعدے کو مزید تاخیر کے بغیر پورا کرے۔وائس آف انڈیا کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو تحریر کردہ خط پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا: “یہ ایک خوش آئند قدم ہے۔ میں کھڑگے جی اور راہل جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ریاستی درجہ کے مسئلے کو اٹھایا۔ ہم صرف وہی مانگ رہے ہیں جو ہم سے بارہا وعدہ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا، “وقت آ گیا ہے کہ مرکزی حکومت اپنے ان وعدوں کو پورا کرے جو اس نے پارلیمان، عوامی پلیٹ فارمز یا سپریم کورٹ کے سامنے کیے۔ جموں و کشمیر کو اس کے مکمل جمہوری حقوق واپس ملنے چاہییں۔واضح رہے کہ کھڑگے اور راہل گاندھی نے وزیر اعظم کو مشترکہ خط میں مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمان کے آئندہ مانسون اجلاس میں ایسا قانون لایا جائے جس کے تحت جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ دیا جائے۔ ساتھ ہی، انہوں نے لداخ کے لیے آئین کی چھٹی فہرست کے تحت خصوصی تحفظات فراہم کرنے کی بھی وکالت کی تاکہ وہاں کے عوام کے حقوق اور شناخت کا تحفظ ممکن ہو سکے۔










