مایاوتی کے خلاف تبصرہ کرنیوالے ایم ایل اے کو جان سے مارنے کی دھمکی

متھرا: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی ترجمان اور ایم ایل اے راجیش چودھری کی جانب سے ایک ٹی وی مباحثے میں بی ایس پی سپریمو مایاوتی کے خلاف تبصرہ کرنے پر انہیں اور ان کے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔دھمکی میں کہا گیا کہ جو کوئی بھی ایم ایل اے کی زبان کاٹ کر لائے گا اسے ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ ایم ایل اے چودھری نے بتایا کہ انہیں یہ دھمکی 25 اگست 2024 کو ملی تھی اور انہوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دے دی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں کوئی تسلی بخش کارروائی نہیں کی، اس پر انہوں نے بی این ایس 2023 سیکشن 352، بی این ایس 2023 سیکشن 351 (4) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ترمیمی) ایکٹ 2000 سیکشن 67 کے تحت متھرا کوتوالی میں پولیس رپورٹ درج کرائی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 23 اگست کو بھارت سماچار چینل کی بحث میں مایاوتی کے خلاف تبصرے تب کیے تھے جب چینل میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے تھے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں اور ان کے خاندان کو کچھ نامعلوم افراد نے فون اور مختلف سوشل میڈیا کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکیاں اور گالیاں دی ہیں۔