وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر بھر میں موسم سرما کی تیاریوں کا جائیزہ لیا

وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر بھر میں موسم سرما کی تیاریوں کا جائیزہ لیا

برف ہٹانے کے دوران ہم آہنگی اور بجلی کی کٹوتی کے شیڈولز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی

سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر بھر میں موسم سرما کی تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت دی کہ وہ موسم سرما کے مہینوں کے دوران عوامی تکلیف کو کم سے کم کرنے کیلئے مربوط ، بروقت اور موثر انتظامات یقینی بنائیں ۔ محکموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے برف صاف کرنے، خاص طور پر ان سڑکوں پر جو مختلف محکموں اور اداروں کی دیکھ بھال میں ہیں ، کیلئے ایک اچھی طرح مربوط میکانزم پر زور دیا ۔ انہوں نے زور دیا کہ آر اینڈ بی ، مکینیکل ، ایس ایم سی ، یو ایل بیز ، پی ایم جی ایس وائی اور دیگر محکموں کے درمیان واضح ذمہ داریاں اور ہم آہنگی لازمی ہے تا کہ خراب موسم اور برف باری کے دوران سڑکوں کی بروقت بحالی یقینی بنائی جا سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ مختلف سڑکوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کے درمیان برف صاف کرنے کے کاموں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے نوڈل افسران نامزد کئے جائیں تا کہ کام منظم طریقے سے انجام پائے اور کسی سڑک کو ہم آہنگی کی کمی کی وجہ سے نظر انداز نہ کیا جائے ۔ انہوں نے پیشگی منصوبہ بندی ، افراد اور مشینری کی بروقت تعیناتی اور خاص طور پر ان علاقوں میں جو شدید برفباری اور سڑکوں کی طویل مدت تک منقطع ہونے کا خطرہ رکھتے ہیں ، برف صاف کرنے کے کاموں کی موثر نگرانی کی اہمیت پر زور دیا ۔
بجلی کی فراہمی کے منظر نامے کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ نوٹیفائیڈ پاور کرٹیلمنٹ شیڈولز کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ تکنیکی خرابیاں اور دیگر ناگزیر حالات کبھی کبھار شیڈول کردہ کٹوتیوں سے زیادہ بجلی کی رکاوٹوں کا سبب بن سکتے ہیں ، تا ہم صارفین کو جہاں ممکن ہو ایسے خلل کے بارے میں پیشگی مطلع رکھنا ضروری ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ بروقت رابطہ عوامی تکلیف کو کم کرنے اور صارفین کو اس کے مطابق منصوبہ بندی کرنے کے قابل بنانے کیلئے لازمی ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ تکنیکی یا دیگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر نوٹیفائیڈ شیڈول سے کسی بھی انحراف کی فوری طور پر مناسب ذرائع کے ذریعے صارفین کو اطلاع دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو بجلی کی رکاوٹوں کی مدت یا وجوہات کے بارے میں غیر یقینی صورتحال میں نہیں چھوڑا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ فیلڈ سٹاف کو منظور شدہ بجلی کی کٹوتی کے شیڈولز پر سختی سے عمل کرنا چاہئیے اور انہیں اپنی صوابدید پر اضافی یا غیر شیڈولڈ پاور کٹ لگانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹیفائیڈ شیڈولز میں کوئی بھی تبدیلی مناسب سطح پر منظور ہونی چاہئیے اور صارفین کو مطلع کرنے کیلئے مقررہ انتظامات پر حرف بہ حرف عمل کیا جانا چاہئیے ۔ جوابدہی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بجلی کی فراہمی کے انتظامات کی موثر نگرانی اور محکمے کو ہدایت دی کہ مطلع شدہ شیڈولز کو متعلقہ علاقوں میں یکساں طور پر نافذ کیا جائے ۔ میٹنگ کے دوران ڈویژنل کمشنر کشمیر اور ڈویژنل کمشنر جموں نے اپنے اپنے ڈویژنز کی جانب سے تیار کردہ موسم سرما کی تیاری کے منصوبوں پر تفصیلی پریذنٹیشنز پیش کیں ۔ ان پریذنٹیشنز میں برف زدہ علاقوں میں برف کی صفائی ، راشن ، ایل پی جی اور دیگر ضروری اشیاء کے ذخائیر ، بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو برقرار رکھنے کی تیاری اور شدید برف باری کے دوران صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی دستیابی کے انتظامات کا احاطہ کیا گیا ۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ کمزور طبقات کو پیشگی طور پر شناخت کیا جائے اور مناسب انتظامات کئے جائیں تا کہ موسم کی ناموافق حالات کی وجہ سے کوئی مریض ایمر جنسی طبی دیکھ بھال سے محروم نہ رہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ خاص طور پر دور دراز اور برف سے ڈھکے ہوئے علاقوں میں جہاں سردیوں میں لوگوں اور سامان کی نقل و حرکت مشکل ہو سکتی ہے ، ضروری اشیاء صحت کی خدمات ، بجلی اور پینے کے پانی کی دستیابی کو پیشگی منصوبہ بندی کے ذریعے یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے تمام محکموں سے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ موسمیاتی ہنگامی حالات کو بروقت نمٹنے کیلئے ہنگامی انتظامات موجود ہوں ۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود فارمیشنز اور ضلعی حکام کے درمیان موثر مواصلت کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ ابھرتے ہوئے چیلنجز کو بلا تاخیر نمٹا جا سکے ۔ میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری ، وزراء جاوید رانا اور ستیش شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، چیف سیکرٹری ، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے انڈیشنل چیف سیکرٹری ، مختلف محکموں کے انتظامی سیکریٹریز ، تمام ڈپٹی کمشنرز ، ڈائریکٹر انفارمیشن جموں و کشمیر ، سینئر پولیس افسران ، جموں و کشمیر ڈسکامز کے منیجنگ ڈائریکٹرز ، محکموں کے سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ سرینگر سے باہر تعینات افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔