وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے دون سکول سری نگر میں ’ سالانہ سپورٹس ڈے‘ کا اِفتتاح کیا

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے دون سکول سری نگر میں ’ سالانہ سپورٹس ڈے‘ کا اِفتتاح کیا

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دون سکول سری نگر کے سالانہ سپورٹس ڈے کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر طلبأ کے اندر کھیلوں کے جذبے، صلاحیتوں اور کامیابیوں کو سراہا گیا۔وزیر اعلیٰ نے غبارے فضا میں چھوڑ کر باضابطہ طور پر تقریب کاآغازکیا جس کے ساتھ ہی دن بھر کی سرگرمیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔تقریب میں سکول کے بچوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔ اس کے علاوہ مارشل آرٹس کے مظاہرے، ثقافتی پروگرام اور لڑکوں و لڑکیوں کے لئے مختلف دوڑوں کا اِنعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے طلبأ کی کھیلوں سے متعلق صلاحیتوں، نظم و ضبط اور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبأ اور سکول ہاؤسز کو ان کی کامیابیوں اور شرکت پر انعامات سے نوازا۔اُنہوں نے طلبأ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی حصہ لینے کی ترغیب دی۔ اُنہوں نے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صحت مند مسابقتی جذبے کی اہمیت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رکن قانون ساز اسمبلی سوناواری ہلال اکبر لون، ممبر قانون ساز اسمبلی خانصاحب سیف الدین بٹ، ڈائریکٹرسکول ایجوکیشن کشمیر نصیر احمد وانی،چیئرمین ڈون سکول سری نگر شوکت حسین خان، سکول کے پرنسپل اور دیگر متعلقہ شخصیات موجود تھیں۔