عالمی سیاحتی شراکت داروں کو جموںوکشمیر میں سیاحتی اِمکانات کا جائزہ لینے کی دعوت دِی
سنگا پور//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سنگاپور میں منعقدہ’ آئی ٹی بی ایشیا۔ 2026 ‘میں جموں و کشمیر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی ۔اِس دورے کا مقصد جموں و کشمیر میں سیاں کے متنوع اِمکانات کو اُجاگر کرنا اور عالمی سیاحتی شراکت داروں کو خطے میں سیاحت کے وسیع مواقع تلاش کرنے کی دعوت دینا تھا۔وزیر موصوفہ کے ہمراہ ڈائریکٹر ٹوراِزم جموں ڈاکٹر وِکاس گپتا،سپیشل سیکرٹری ٹوراِزم جموں و کشمیر سورج پرکاش رکوال اور ڈائریکٹرفائنانس رشم دیپکابھی تھے۔وزیر موصوفہ نے گوا کے وزیر سیاحت روہن کھونٹے، اوڑیسہ کی وزیر سیاحت پرواتی پریڈا اور سنگاپور میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر شلپاک امبولے کے ساتھ آئی ٹی بی ایشیا 2026′ میں’اِنڈیا پویلین‘ کا مشترکہ اِفتتاح کیا۔ یہ اقدام جموں و کشمیر کو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے ایک بہترین سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔اس بین الاقوامی ٹریول ٹریڈ ایونٹ کے پہلے دن وزیرموصوفہ اور وفد نے بین الاقوامی ٹور آپریٹروں، ٹریول ٹریڈ ایسوسی ایشنوں، سرکاری نمائندوں اور عالمی سیاحتی صنعت کے دیگر اہم شراکت داروں کے ساتھ کاروباری سطح پر (بی ٹو بی ) بات چیت اور سٹریٹجک میٹنگیں کیں۔ان میٹنگوں اور بات چیت میں جموں و کشمیر میں سیاحت کے متنوع تجربات کو اُجاگر کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی جن میں تفریح اور زیارت گاہوںکے مشہور مقامات، ایڈونچر ٹوراِزم ، سرمائی کھیل، کم معروف مگر دلچسپ مقامات اور شاندار ثقافتی و تاریخی ورثے سے متعلق پُرکشش مقامات شامل ہیں۔ وفد نے بین الاقوامی ٹریول آپریٹروں اور سیاحتی شراکت داروں کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ باہمی تعاون کے مواقع تلاش کریں اور جموں و کشمیر کو اپنے ٹریول پیکجز اور سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل کریں۔اِس موقعہ پروزیر سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر قدرتی حسن، ثقافتی ورثے، روحانی مقامات اورمہم جوئی پر مبنی تجربات کا ایک بہترین امتزاج پیش کرتا ہے جو اسے مختلف دلچسپیوں کے حامل سیاحوں کے لئے ایک پُرکشش مقام بناتا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’جموں وکشمیر میں سیاحت کے وسیع اِمکانات موجود ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اس کے تنوع کو دُنیا کے سامنے لایا جائے ۔ یہاں کے دِلکش مناظر اور متحرک ثقافتی روایات سے لے کر پلگرمیج ٹوراِزم، مہم جوئی کی سرگرمیوں اور سرمائی کھیلوں تک یہ یونین ٹیریٹری سیاحوں کو سال بھر منفرد تجربات فراہم کرتا ہے۔‘‘وزیرموصوفہ نے مزید کہا کہ’ آئی ٹی بی ایشیا‘ جیسے بین الاقوامی سیاحتی پلیٹ فارم عالمی شراکت داروں سے رابطہ قائم کرنے، شراکت داری کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے کی رَسائی کو وسیع کرنے کے لئے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’آئی ٹی بی ایشیا میں ہماری شرکت جموں و کشمیر کو بین الاقوامی سیاحتی نقشے پر اُجاگر کرنے کے کے لئے حکومت جموںوکشمیر کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ہم دنیا بھر کے ٹور آپریٹروں، ٹریول ایجنسیوں، سرمایہ کاروں اور سیاحتی ماہرین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر میں دستیاب مواقع کا جائزہ لیں اور اس کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینے میں ہمارے شراکت دار بنیں۔‘‘
سکینہ اِیتو نے سیاحتی شراکت داری کو مضبوط بنانے، سیاحتی مقامات کی نمائش کو بہتر بنانے اور دیرپا سیاحتی طریقوں کی حوصلہ اَفزائی کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ سیاحت کے ثمرات مقامی کمیونٹیوںتک پہنچیں اور معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں۔اِس موقعہ پر جموں و کشمیر کے وفد نے سیاحت کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع کو بھی اُجاگر کیا اور بین الاقوامی سیاحوں کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے مطابق خصوصی اور منفرد سفری تجربات تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ’ آئی ٹی بی ایشیا۔ 2026 ‘میں شرکت کا مقصد عالمی ٹریول کمپنیوں کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کو قائم کرنے، سیاحوں کی آمدورفت کو بڑھانے اور جموں و کشمیر کو تفریح، ایڈونچر، زیارت اور ثقافتی سیاحت کے لئے ایک ترجیحی مقام کے طور پر پیش کرنا ہے۔توقع ہے کہ اس بین الاقوامی ایونٹ میں جموں و کشمیر کے وفد کی شرکت یونین ٹیریٹری کی سیاحتی رسائی کو مزید مضبوط کرے گی اور عالمی ٹریول اورہاسپیٹیلٹی کی صنعت سے وابستہ فریقین کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔










