نائب وزیر اعلیٰ نے 50 بستروں والے ایس ڈی ایچ حضرت بل عمارت کی تعمیر کا جائیزہ لیا

نائب وزیر اعلیٰ نے 50 بستروں والے ایس ڈی ایچ حضرت بل عمارت کی تعمیر کا جائیزہ لیا

سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ( ایس ڈی ایچ ) حبک حضرت بل سرینگر میں نئی 50 بستری عمارت کی جاری تعمیر کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر اور سینئر افسران بشمول چیف انجینئر آر اینڈ بی سنٹرل ، سپرنٹنڈنگ انجینئر، ایگزیکٹو انجینئر، ڈائریکٹر پلاننگ ( آر اینڈ بی ) ، چیف ٹاؤن پلانر اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ ہسپتال کی عمارت کے منصوبے کی پیش رفت ، اس کے نفاذ اور متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔ میٹنگ میں تعمیر سے متعلق مسائل اور منصوبے کے ہموار نفاذ کیلئے درکار اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ہسپتال اپ گریڈیشن پراجیکٹ ، جس کی نظر ثانی شدہ لاگت 54.49 کروڑ روپے ہے ، ایک جدید چار منزلہ عمارت کا تصور رکھتا ہے جس میں دو بیس منٹ لیولز اور 50 بستروں کی گنجائش ہو گی ۔ یہ پروجیکٹ کافی عرصے سے التوا کا شکار تھا مگر وزراء کی کونسل کی جانب سے ضروری ریلیکسیشنز کی منظوری کے بعد حال ہی میں دوبارہ شروع ہو گیا ہے ۔ عوامی صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے درمیان موثر ہم آہنگی کی ضرورت پر بات کی تا کہ پراجیکٹ کی پیشرفت کو آسان بنایا جا سکے اور حضرت بل اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو بہتر صحت کی سہولیات کا فائدہ مل سکے ۔ یہ میٹنگ حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر بھر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور معیاری طبی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔