اننت ناگ//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع سطح کے اپنے عوامی رابطہ پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ میں ترقیاتی پیش رفت ، سرمائی تیاریوں اور عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ اُنہوں نے محکموں کو جاری پروجیکٹوں میں تیزی لانے، سرکاری سکیموں کی عمل آوری کو بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے بروقت اَزالے کو یقینی بنانے کی ہدایت دِی۔اُنہوں نے موسم سرما میں مربوط اور مؤثرتیاریوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سرما کے مہینوں میںلوگوںکی تکلیف کو کم کرنے کے لئے مضبوط اِنتظامات کریں۔ اُنہوں نے روڈز اینڈ بلڈنگز، میکنکل اِنجینئرنگ، میونسپلٹیز، اَربن لوکل باڈیز، پی ایم جی ایس وائی اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیا تاکہ برف ہٹانے کا کام بروقت ہو۔وزیراعلیٰ نے اِنتظامیہ کو ضروری اشیأ کا مناسب ذخیرہ یقینی بنانے، رسوئی گیس سلنڈروں کے بفر سٹاک کو مضبوط بنانے اور برفباری والے علاقوں میں بلاتعطل ایمرجنسی طبی خدمات بلا رُکاوٹ جاری رکھنے کی ہدایت دِی۔اُنہوںنے بجلی کی فراہمی کے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے مطلع شدہ بجلی کٹوتی کے نظام الاوقات پر سختی سے عمل کرنے اور صارفین کو غیر شیڈول بجلی کی کٹوتیوں کے بارے میں پیشگی اطلاع دینے پر زور دیا۔جائزہ میٹنگ میں صحت، تعلیم، سڑکیں اور بنیادی ڈھانچہ، نوجوانوں کی بااِختیاری، خوراک و شہری رسدات، بجلی اور دیہی ترقی سمیت اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع میں اِنڈسٹریل اسٹیٹس کی ترقی کو تیز کرنے اور سماجی بہبود کی اِمداد کی فراہمی کو آسان بنانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ اہل مستحقین کو ان کے حقوق بلا تاخیر مل سکیں۔اُنہوں نے نوجوانوں کی انٹرپرینیور شپ کوفروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بینکنگ اِداروں کو ہدایت دی کہ وہ’ مشن یووا ‘کے تحت رقوم کی ادائیگیوں کو آسان اور تیز کریں تاکہ نوجوان کاروباری اَپنے ادارے قائم کر سکیں۔وزیراعلیٰ نے ضلع کیپکس بجٹ 2026-27، مرکزی معاونت والی سکیموں اور ریاستوں کو سرمایہ کاری کے لئے خصوصی امداد (ایس اے ایس سی آئی) کے تحت پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے طبعی اور مالی پیش رفت کو بہتر بنانے کے لئے باقاعدگی سے پندرہ روزہ نگرانی پر زور دیا۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ مختص فنڈز کا بروقت اِستعمال یقینی بنایا جائے اور کسی بھی فنڈ لیپس ہونے سے بچایا جائے۔ دورے کے دوران اُنہوںنے ضلع میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے مقصد سے 52 کروڑ روپے مالیت کے عوامی منصوبوں کا اِفتتاح کیا اور نئے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔اِفتتاح کئے گئے اہم منصوبوں میں جل جیون مشن کے تحت سمتھان (6.29 کروڑ روپے)، شول سرسونہ (5.66 کروڑ روپے) اور چونٹی پورہ باغوان پورہ (5.08 کروڑ روپے) کی واٹر سپلائی سکیمیں شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے آشاجی پورہ۔دونی پاوا سڑک کی اپ گریڈیشن (3.61 کروڑ روپے) اور ہیر کنڈی واڑہ میں نالہ برینگی پر سٹیل گرڈر پُل (3.18 کروڑ روپے) کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ان اقدامات سے محفوظ پینے کے پانی تک قابلِ اعتماد رسائی حاصل ہوگی ، سڑکوں کے ذریعے رابطے بالخصوص دُور دراز علاقوں میں مضبوط ہوں گے اور پورے ضلع کے لوگوں کی روزمرہ زِندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔جائز ہ میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری؛ وزرأ جاویداحمد رانا، جاویداحمد ڈار اور ستیش شرما،وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، اراکین قانون ساز اسمبلی پیرزادہ محمد سعید، جی اے میر، الطاف احمد وانی، عبدالمجید بٹ، ظفر علی کھٹانہ اور ریاض اے خان، وزیر اعلیٰ کے یڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا،ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ بلال محی الدین، محکموں کے سربراہان اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بلال محی الدین نے ضلع کی ترقیاتی پیش رفت اور جاری کاموں کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ عوامی نمائندوں نے اَپنے اَپنے حلقوں کے ترقیاتی مطالبات اُجاگر کئے جبکہ مختلف مقامی وفود نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل گوش گزار کئے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مساوی ترقی، مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی اور جوابدہ حکمرانی کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ ترجیحی ترقیاتی کاموں کو منظم طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا اور انتظامیہ کو عوامی شکایات پر مؤثر فالو اپ یقینی بنانے کی ہدایت دی۔










