کرگل جنگ کے دوران، بہادر سپاہیوں نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کیا :امیت شاہ
سرینگر // کسی میں ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھانے کی ہمت نہیں ہے کیونکہ بہادر سپاہی سرحد کی حفاظت کر رہے ہیں کا اعلان کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہماری فوج نے ہمیشہ کہا ہے کہ جنگ جوہری بموں سے نہیں بلکہ بہادری اور ناقابل تسخیر عزم کے ساتھ لڑی جاتی ہے۔اسی دوران وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ کرگل جنگ کے دوران، بہادر سپاہیوں نے ہمالیہ کی ناقابل رسائی پہاڑیوں میں انتہائی بہادری کا مظاہرہ کیا اور دشمن کی فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور کرگل میں دوبارہ ترنگا لہرا کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ سی این آئی کے مطابق کرگل وجے دیوس کی 25ویں برسی کے موقعہ پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور امیت شاہ نے کرگل جنگ میں قربانی دینے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے سال 1999کی ہند پاک جنگ میں اپنی جانیں قربان کیں۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ایکس پر لکھا ’’ ہندوستان دیگر تمام ممالک کا بہت احترام کرتا ہے اور بین الاقوامی طرز عمل کے طے شدہ اصولوں پر بھی عمل کرتا ہے لیکن اس کی سخاوت کو اس کی کمزوری نہیں سمجھا جاسکتا‘‘۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ’’میں ان بہادر بیٹوں کو سلام کرتا ہوں، جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔ میں ان بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے قوم کو اولیت دی اور اس کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کیا‘‘۔لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہ ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، راجناتھ سنگھ نے کہا’’ہم جانتے ہیں کہ جب تک آپ (فوج) سرحدوں پر ہماری حفاظت کر رہے ہیں، کوئی بھی ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھانے کی ہمت نہیں کر سکتا۔ نہ صرف کرگل بلکہ آزادی سے لے کر آج تک کئی بار آپ کی بہادری نے قوم کو وقتاً فوقتاً سربلند کیا ہے‘‘۔ادھر وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ملک کے فوجیوں نے کرگل جنگ کے دوران ہمالیہ کی ناقابل رسائی پہاڑیوں میں انتہائی بہادری کا مظاہرہ کیا اور دشمن کی فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔انہوں نے کہا کہ کرگل وجے دیوس فوج کے بہادر جوانوں کی بہادری کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔شاہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’کرگل جنگ کے دوران، بہادر سپاہیوں نے ہمالیہ کی ناقابل رسائی پہاڑیوں میں انتہائی بہادری کا مظاہرہ کیا اور دشمن کی فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور کارگل میں دوبارہ ترنگا لہرا کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا‘‘۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شکر گزار قوم ہندوستانی فوجیوں کی قربانی اور لگن کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔










