نوین چودھری نے گاندر بل کا دورہ کیا

نوین چودھری نے گاندر بل کا دورہ کیا

تیل کی بیجوں کی کاشت کے تحت رقبہ کو دوگنا کرنے کی مہم کا جائیزہ لیا

سرینگر//پرنسپل سیکرٹری زراعت پیداوار اور محکمہ بہبودیِ کساناں ( اے پی اینڈ ایف ڈبلیو ڈی ) نوین کمار چودھری نے کنگن اور ضلع گاندر بل کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا تا کہ محکمہ زراعت کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پر خوردنی تیلوں کیلئے قومی مشن کے تحت تیل کے دانے( سرسوں) پرڈرائیو کے دوران ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے کچھ جگہوں پر بوائی کے کاموں کی نگرانی کی اور کسانوں سے بات چیت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ پہلے دھان کی فصل کی کٹائی کے بعد زمین کا تھوڑا سا حصہ تیل کی کاشت کے تحت لایا جاتا تھا لیکن اب محکمہ نے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ایک مہم کا انعقاد کیا ہے کہ وادی میں زیادہ سے زیادہ رقبہ تیل کے بیجوں کی کاشت میں لایا جائے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ خوردنی تیل کی درآمد پر انحصار کو کم سے کم کرنے کا وزیر اعظم کا وژن اس بڑے پیمانے پر مہم کے پیچھے اصل خیال ہے جو کہ تیل کے بیجوں کی کاشت کے تحت رقبہ کو دوگنا کرنا ہے ۔ نوین چودھری نے کہا کہ ہم دوسرے ممالک سے بڑی مقدار میں خوردنی تیل درآمد کر رہے ہیں اور اس طرح کی ڈرائیوز کا اہتمام کر کے ہم اپنے خوردنی تیل کی پیداوار کو کافی حد تک بڑھا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم نہ صرف ہماری مقامی خوردنی تیل کی پیداوار میں اضافہ کرے گی بلکہ اس سے ہماری کاشتکار برادری کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا اور سماجی معاشی تبدیلی میں مدد ملے گی جو حتمی ہدف ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بڑے پیمانے پر مہم گذشتہ دس دنوں سے جاری ہے ۔ انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ انہیں محکمہ کی طرف سے ہر قسم کی تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ مشن موڈ میں کام کریں تا کہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکیں ۔ قبل ازیں ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے پرنسپل سیکرٹری کو مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا جو کہ یکم اکتوبر سے اس بڑے پیمانے پر مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ کی طرف سے کی گئی ہیں ۔ پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے ۔