سری نگر//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج جموں وکشمیر اِنڈسٹریز لمٹیڈ کے ایک یونٹ گورنمنٹ سِلک وِیونگ فیکٹری راجباغ میں کیفے ہاؤس کی تعمیر اور موجودہ گیسٹ ہاؤس کی تجدید و مرمت کے کام کا سنگ بنیاد رکھا۔ اِس موقعہ پرممبر قانون ساز اسمبلی لال چوک اور کمشنر سیکرٹری محکمہ صنعت و حرفت بھی موجود تھے۔اِس منصوبے کو جے اینڈ کے سمال سکیل اِنڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (جے کے ایس آئی سی او پی ) کے ذریعے عملایا جا رہا ہے۔ اِس کا مقصد گورنمنٹ سِلک وِیونگ فیکٹری راجباغ کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا، احاطے کے مجموعی ماحول کو مزید خوشگوار بنانا اور وِزیٹروںاور شراکت داروں کے لئے اِضافی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اِس اَقدام سے جموں و کشمیر اِنڈسٹریز لمیٹڈ (جے کے آئی) کے لئے اضافی آمدنی پیدا ہونے کی بھی توقع ہے جس سے ادارے کی مالی دیرپائی اور ادارہ جاتی بحالی میں مدد ملے گی۔دورانِ تقریب نائب وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ سِلک فیکٹری کے احاطے میں واقع جے کے آئی کے شو روم کا دورہ بھی کیا جہاں جے اینڈ کے اِنڈسٹریز لمٹیڈ کی تیار کردہ مختلف مصنوعات نمائش کے لئے رکھی گئی تھیں۔ ان میں مشہور زمانہ شہتوت کے ریشم اور مقامی اُون سے تیار کردہ مصنوعات شامل تھیںجو خطے کے ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کی قدیم ٹیکسٹائل روایت میں بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔نائب وزیراعلیٰ نے مصنوعات کے معیار، ڈیزائن اور اِنفرادیت کو سراہتے ہوئے جے کے آئی کی جانب سے روایتی ہنر بالخصوص د‘ُنیا بھر میں معروف کشمیری شہتوت کے ریشم سے متعلق روایتی مہارتوں کے تحفظ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ موجودہ صنعتی اَثاثوں کی جدید کاری اور ان کے بہترین اِستعمال، پبلک سیکٹر کے اِداروں کے اِدارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور دستیاب وسائل کے پیداواری استعمال کے ذریعے آمدنی پیدا کرنے کے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے جے اینڈ کے اِنڈسٹریز لمٹیڈ کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اِدارے کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے لگن و محنت سے کام کریں اور پیداوار و فروخت میں اِضافہ کریں۔ اُنہوں نے مقامی دستکاریوں کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رکھنے پر بھی زور دیا جو خطے کی معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے اِنتہائی اہم ہیں۔ اِس موقعہ پرممبر قانون ساز اسمبلی احسان پردیسی نے اِس منصوبے کے آغاز پر نائب وزیر اعلیٰ کو سراہا اور گورنمنٹ سِلک وِیونگ فیکٹری راجباغ کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ فیکٹری خطے کی روایتی ریشم کی صنعت کے فروغ اور جموں و کشمیر کے شاندار ٹیکسٹائل ورثے کے تحفظ کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتی ہے۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مسابقتی دور میں کسی بھی اِدارے کی طاقت صرف اس کی پالیسیوں یا وسائل پر نہیں ہوتابلکہ اس کے اَفرادی قوت کی دیانتداری، نظم و ضبط اور لگن پر بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ادارے کے مستقبل کی تشکیل میں وہاں کے ملازمین کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔اُنہوںنے اس بات پر زور دیا کہ جے کے آئی کے ملازمین کودیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا چاہیے کیو ں کہ اس سے ہماری صنعتوں کی ترقی اور معاشرے کی خوشحالی میں براہِ راست مدد ملے گی۔اِس موقعہ پر منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آئی، منیجنگ ڈائریکٹرجے کے ایس آئی سی او پی، ڈائریکٹرفائنانس محکمہ صنعت و حرفت، ڈائریکٹر پلاننگ اورمحکمہ صنعت و حرفت کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔










