تنخواہ جاری کرنے کیلئے جیو ٹیگ تصاویر جمع کرانا ہوں گی
سرینگر// یو این ایس / سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) نے اپنے تمام گزٹیڈ افسران کیلئے گھروں میں نامیاتی کچرے کی کمپوسٹنگ لازمی قرار دے دی ہے۔ کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ موجودہ ماہ کی تنخواہ جاری کرنے کیلئے افسران کو گھریلو کمپوسٹنگ سے متعلق جیو ٹیگ شدہ تصاویر جمع کرانا ہوں گی۔ایس ایم سی کی جانب سے 6 اکتوبر کو جاری حکم نامہ نمبر 1158 آف 2026 کے مطابق تمام گزٹیڈ افسران کو اپنے گھروں میں پیدا ہونے والے گیلے اور قابل تحلیل کچرے کو الگ کرنے اور جہاں ممکن ہو اسے مناسب طریقے سے کمپوسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکم نامے کے تحت افسران کو اس عمل کی تعمیل کیلئے حکم جاری ہونے کی تاریخ سے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ انہیں اپنی رہائش گاہ پر قائم کمپوسٹنگ کی سہولت یا جاری سرگرمی کی جیو ٹیگ شدہ تصاویر متعلقہ زونل افسر یا سیکشنل ہیڈ کے پاس جمع کرانی ہوں گی۔ایس ایم سی کے مطابق اس اقدام کا مقصد کچرے کو اس کی پیداوار کے مقام پر ہی منظم کرنا، میونسپل پروسیسنگ مراکز تک پہنچائے جانے والے قابل تحلیل کچرے کی مقدار کم کرنا اور گیلے کچرے کی مقامی سطح پر تلفی کو فروغ دینا ہے۔کارپوریشن نے ہدایت دی ہے کہ گھریلو کمپوسٹنگ کے انتظامات کو باقاعدگی سے برقرار رکھا جائے اور انہیں فعال رکھا جائے تاکہ یہ اقدام محض وقتی سرگرمی کے بجائے مستقل کچرا انتظامی نظام کا حصہ بن سکے۔متعلقہ زونل افسران اور سیکشنل ہیڈز کو تعمیل کا ریکارڈ برقرار رکھنے اور مقررہ مدت کے اندر مجموعی رپورٹ میونسپل کمشنر کو پیش کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ایس ایم سی نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے سینئر افسران سے توقع کی گئی ہے کہ وہ خود مثال قائم کرتے ہوئے گھر کی سطح پر کچرے کے انتظام اور کمپوسٹنگ کے نظام کی افادیت کا عملی مظاہرہ کریں۔ تمام جوائنٹ کمشنروں، سپرنٹنڈنگ انجینئر، ایگزیکٹو انجینئروں اور شعبہ جات کے سربراہوں کو حکم نامے کی اطلاع تمام گزٹیڈ افسران تک پہنچانے اور اس پر عمل درآمد کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکم نامہ سیکریٹری سری نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اس پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے










