کٹھوعہ گرڈ سٹیشن کی توسیع کیلئے 15.22 کروڑ روپے کی منظور ی دِی
سری نگر// جموں و کشمیر حکومت نے کٹھوعہ گرڈ سٹیشن کی صلاحت 3×50 ایم وِی اے سے بڑھا کر 4×50 ایم وِی اے کرنے اور اِس سے متعلقہ بنیادی ڈھانچے کے کاموں کی تکمیل کے لئے 15.22 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے توسیع کی منظوری دِی ہے۔اِس منصوبے کا مقصد خطے میں بجلی کی ترسیلی نظام کو مزید مضبوط بنانا، بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا اور ایک زیادہ مستحکم، قابلِ اعتماد اور مؤثر بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو یقینی بنانا ہے۔اس توسیعی کام سے ترسیلی نظام کی قابلِ اعتمادیت اور استحکام میں نمایاں بہتری آئے گی، اوولوڈِنگ میں کمی آئے گی اورکٹھوعہ اور ملحقہ علاقوں میں صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کے معیار میں مجموعی بہتری آئے گی۔یہ اَقدام جموں و کشمیر میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور اسے وسعت دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد خطے کی اِقتصادی ترقی اور خوشحالی میں معاونت کے ساتھ ساتھ بجلی کی قابلِ اعتماد، مؤثر اور معیاری فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔










