گجرات میں آج سے 18 شہروں سے نائٹ کرفیو اختتام پذیر

گاندھی نگر: گجرات میں کورونا کےمسلسل کم ہوتے کیسز کے درمیان ریاستی حکومت نے آج سے متعلقہ پابندیوں میں کئی طرح کی نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، لیکن دکانوں، مال ، ریستوران، پارلرز اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے منتظمین، مالکان اور ان کے ملازمین کو لازمی طور پر کورونا ٹیکہ لگوانے کی ہدایت دی ہے۔ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ریاست کے کل 36 شہروں میں نائٹ کرفیو نافذ ہے۔ آج سے اگلے دو ہفتوں کے لئے ان میں سے نصف یعنی 18 میں اسے ختم کر دیا گیا ہے۔ یہ شہر ہیں وسنگر ، کڑی ، ڈیسا ، موڈاسا ، رادن پور ، ویراول سومناتھ ، چھوٹا ادھےپور ، ویرام گام ، بوٹاد ، پوربندر ، پالن پور ، ہمت نگر ، امریلی ، سریندر نگر ، داہود ، آنند ، ناڈیاد اور گودھرا۔ان شہروں اور دیگرکرفیو سے مبرا علاقوں میں دکانداروں ، مال ، ریستوران ، پارلر اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے منتظمین ، مالکان اور عملہ کو لازمی طور پر 10 جولائی تک لازمی طور پر یہ ٹیکہ لگوانا ہو گا ۔ ویکسین نہ لینے والی اکائیوں کو بند کرایا جائے گا ۔ احمد آباد ، سورت ، وڈودرا ، راجکوٹ سمیت ریاست کی آٹھ میٹروپولیٹن بلدیات اور واپی ، انکلیشور ، والساڈ ، نوساری ، مہیسنا ، بھروچ ، پٹن ، موربی ، بھوج اور گاندھی دھام سمیت کل 18 شہروں میں نائٹ کرفیو سمیت دیگر پابندیاں عائد رہیں گی۔