Sunil Sharma

کشمیر میں بی جے پی کی مقبولیت بڑھ رہی ہے

اسمبلی میں بدعنوانی اور بے روزگاری کے مسائل اٹھائیں گے/ سنیل شرما

سرینگر//یو این ایس / جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر رہنما سنیل شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر میں بی جے پی کی پذیرائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں، بشمول پی ڈی پی، سے وابستہ کارکن بھی بی جے پی کی پالیسیوں کو قبول کر رہے ہیں۔ سنیل شرما نے کہا کہ صرف پی ڈی پی ہی نہیں بلکہ مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ لوگ بی جے پی کی پالیسیوں کو قبول کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بی جے پی کی ترقی، امن اور دیگر پالیسیوں سے متعلق موقف کو لوگ پسند کر رہے ہیں۔انہوں نے موجودہ حکومت کی سب سے بڑی خامی حکمرانی کی کمی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق بجلی اور پانی کے مسائل موجود ہیں، اسکولوں میں عملے کی کمی ہے جبکہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے سڑکوں کی خراب حالت کا بھی ذکر کیا۔21 ستمبر سے شروع ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے سنیل شرما نے کہا کہ اپوزیشن کے سامنے عوامی نوعیت کے ہزاروں مسائل ہیں جنہیں ایوان میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے بدعنوانی، بے روزگاری، بجلی، پانی، تعلیم، صحت اور سڑکوں سمیت مختلف مسائل کو اہم قرار دیا۔ سنیل شرما نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت میں بدعنوانی کے باعث عام اور غریب شہریوں کو اپنے کام کروانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے پنچایت اور میونسپل انتخابات میں تاخیر اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مسائل کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ متعدد سرکاری ملازمتوں کو آو ¿ٹ سورس کیا گیا ہے اور حکومت کو اس سلسلے میں واضح بھرتی پالیسی اور طریقہ کار وضع کرنا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق بی جے پی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں ان تمام مسائل پر حکومت سے جواب طلب کرے گی۔ دریں اثنا، بی جے پی نے اسمبلی اجلاس سے قبل مختلف اضلاع میں عوامی رابطہ پروگرام منعقد کرکے لوگوں کے مسائل معلوم کیے ہیں۔ سنیل شرما کے مطابق ان دوروں کے دوران سامنے آنے والے عوامی مسائل کو اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔