سری نگر//سول سیکرٹریٹ میں ’’ایس ڈی جی بجٹ ٹیگنگ اور نتائج پر مبنی مالیاتی فریم ورک‘‘کے عنوان سے ایک ورکشاپ کا اِنعقاد کیا گیا جس کا مقصد عوامی اَخراجات ،بجٹ تخصیص اور دیرپا ترقیاتی مقاصد (ایس ڈِی جیز) کے درمیان ربط کو مضبوط بنانا تھا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شیلندر کمار نے ورکشاپ کی صدارت کی۔ اِس میں ڈائریکٹر جنرل بجٹ، ڈائریکٹر جنرل کوڈز، ڈائریکٹر جنرل ریسورسز، ڈائریکٹر جنرل آڈِٹ و ٹریننگ (اے اینڈ ٹی)، ڈائریکٹر ایس ڈِی جی، ڈائریکٹر ڈِی اِی ڈِی۔II، مختلف اِنتظامی محکموں کے ڈائریکٹرز پلاننگ اور ڈائریکٹرز فائنانس سمیت سینئر افسران اوراقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈِی پی) کے ماہرین نے شرکت کی۔ورکشاپ میں اس ضرورت پر زور دیا گیا کہ ایس ڈِی جی کی مانیٹرنگ سے ایس ڈِی جی کی فائنانسنگ کی طرف کیسے بڑھا جائے تاکہ نشاندہی شدہ ترقیاتی خلا کومناسب سکیموں، بجٹ کی تخصیص اور قابلِ پیمائش نتائج سے جوڑا جا سکے۔ اِس بات پر زور دیا گیا کہ ایس ڈِی جی بجٹ ٹیگنگ کے لئے کوئی الگ ایس ڈِی جی بجٹ نہیں بنایا جائے گا بلکہ اس کے ذریعے موجودہ بجٹ فریم ورک کو ایس ڈی جی کے زاویے سے دیکھا جائے گا تاکہ یہ بہتر طور پرجائزہ لیا جا سکے کہ آیا عوامی اَخراجات نشاندہی شدہ ترقیاتی خلا کا ازالہ کر رہا ہے اور متوقع نتائج فراہم کر رہا ہے۔شرکأنے موجودہ یوٹی سکیموں، مرکزی معاونت والی سکیموں اور مرکزی شعبہ جاتی سکیموں کو متعلقہ ایس ڈِی جی مقاصد اور اہداف کے ساتھ منسلک کرنے پر غوروخوض کیا تاکہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے، دہراو سے بچا جا سکے اور مالیاتی خلا کی نشاندہی کی جا سکے۔ اس مشق کا مقصد وسائل، اَخراجات اور ترقیاتی نتائج کے درمیان تعلق کو مضبوط کرنا ہے۔نتائج پر مبنی منصوبہ بندی پر بھی خاص زور دیا گیا جس کے تحت محکمہ ایس ڈِی جی نشاندہی شدہ خلأ ، اہداف، اقدامات، مستفیدین، ذمہ داریوں، وسائل، اشاریوں اور وقت کی حدود پر مشتمل ایس ڈی جی وائز ایکشن پلان تیار کریں گے۔ ان ایکشن پلانوںکو سالانہ بجٹ کی تیاری کے عمل کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی تجویز ہے تاکہ ایس ڈِی جی کی ترجیحات باقاعدہ منصوبہ بندی اور بجٹ سازی کے عمل کا لازمی حصہ بن سکیں۔ورکشاپ میں کسی متوازی مالیاتی نظام کو تشکیل دئیے بغیر موجودہ ایس ڈِی جی ڈیش بورڈ کو آئی ایف ایم آئی ایس کے ساتھ مربوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ایس ڈِی جی ترجیحات کے تحت اخراجات کی بہتر نگرانی ہو سکے۔یو این ڈِی پی ٹیم نے شرکأکو اَپنے تجویز کردہ پروگرام سے آگاہ کیا جس میں تین بنیادی ستون شواہد سے عمل ، ایس ڈِی جی مالیات اور اِدارہ جاتی و کپسٹی بلڈنگ شامل ہیں ۔ یہ تجویز فی الحال زیرغور ہے۔ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینروں کے اہم کردار کو اُجاگر کیا گیا جو محکمہ جاتی سطح پر ایس ڈِی جی بجٹ ٹیگنگ کے فریم ورک کو عملانے میں کردار اَدا کریں گے۔ وہ محکموں میںبیداری پیدا کرنے، سکیم اور اَخراجات کی میپنگ، نتائج پر مبنی بجٹ سازی اور محکموں کے درمیان باہمی ہم آہنگی کے عمل میں معاونت فراہم کریں گے۔










