متاثرہ دکاندار کو 5 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے بامبے ہائی کورٹ کا حکم

متاثرہ دکاندار کو 5 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے بامبے ہائی کورٹ کا حکم

ممبئی/ ایجنسیز //بامبے ہائی کورٹ نے مہاراشٹرا فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کو حکم دیا ہے کہ وہ پونے کی ایک ڈیری اور مٹھائی فروخت کرنے والے کو 5 لاکھ روپے ہرجانے کے طور پر ادا کرے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے مٹھائی کی دکان کا لائسنس 98 فیصد ضوابط کی پابندی کیے جانے کے باوجود معطل رکھنے پر بھی ایف ڈی اے کو سخت پھٹکار لگائی۔ قائم مقام چیف جسٹس رویندر گْھگے اور جسٹس گوتم اکھنڈ نے 12 جون کے معطلی حکم کو فوری طور پر منسوخ کر دیا اور وڈگاؤں شیری واقع گرونانک ڈیری اینڈ سویٹس کو اپنا ریٹیل کاروبار دوبارہ شروع کرنے کی آزادی دے دی۔ واضح رہے کہ پونے کی گرونانک ڈیری اینڈ سویٹس نے بامبے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کر ایف ڈی اے کی کارروائی کو چیلنج کیا تھا۔ دکان کے مالک نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی کارروائی کی وجہ سے اسے 8.74 لاکھ روپے کا معاشی نقصان ہوا ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس رویندر گْھگے اور جسٹس گوتم اکھنڈ پر مشتمل بنچ نے ایف ڈی اے کی پالیسی کو عجیب اور ناقص قرار دیا۔ بنچ نے دکاندار کو کاروبار دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ایف ڈی اے کو ایک ماہ کے اندر دکان کے مالک کو 5 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے کہا کہ آپ کی نیت قابل تعریف ہے لیکن جب آپ کو 98 فیصد ضوابط کی پابندی کا علم ہو گیا تھا تو لائسنس کی معطلی فورا منسوخ کر دینی چاہیے تھی۔ دکاندار کا لائسنس 11 جون کو پیش آئے فوڈ پوائزننگ کے واقعے کے بعد معطل کیا گیا تھا۔ عرضی کے مطابق 12 جون کو ایف ڈی او نے اس کا فوڈ لائسنس معطل کر دیا اور اصلاح کا نوٹس دیے یا سماعت کا موقع دیے بغیر کاروبار بند کرنے کا حکم دے دیا۔ ججوں نے کہا کہ یہ واضح اور سراسر من مانی اور عجیب پالیسی ہے، یہ کیا طریقہ ہے؟ شہریوں کو پریشان کرنا۔