جنوبی ہندوستان کے سیاحوں اور ملک بھر کے رنروں کو کشمیر آنے کی دعوت
حیدر آباد// وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے حیدرآباد اور جنوبی ہندوستان کے دیگرحصوںکے لوگوں کو جموں و کشمیر کی متنوع سیاحتی کشش سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی۔ اُنہوں نے ملک بھر کے فٹنس کے شوقین اَفراد اور پیشہ ور رنروں سیے 25 ؍اکتوبر کو سری نگر میں منعقد ہونے والی آئندہ کشمیر میراتھن میں شرکت کی اپیل کی۔مشیر موصوف نے ٹریول اینڈ ٹوراِزم فیئر( ٹی ٹی ایف )حیدرآباد 2026 کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے، جہاں جموں و کشمیر بطور ہارٹنرسٹیٹ حصہ لے رہا ہے ، خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے، دلکش قدرتی مناظر اور ایڈونچر ٹورزم کے بڑھتے ہوئے امکانات کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے جنوبی ہندوستان کے ساتھ سیاحتی روابط کو مضبوط بنانے اور تلنگانہ، آندھرا پردیش اور پڑوسی ریاستوں سے زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو جموں و کشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کے لئے راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے آئندہ کشمیر میراتھن کی خصوصی تشہیر کرتے ہوئے ملک بھر کے رنروں اور فٹنس کے شوقین اَفراد کو اس ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی تاکہ وہ کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور مہمان نوازی کا تجربہ حاصل کر سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ میراتھن کھیلوں پر مبنی سیاحت کو فروغ دینے اور اس میں حصہ لینے والوں اور دیگر سیاحوں کو کشمیر کے دلکش قدرتی مناظر سے روشناس کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔
ناصر اسلم وانی نے جموں و کشمیر اور حیدرآباد کی ٹریول ٹریڈ سے وابستہ تنظیموں کے درمیان سٹریٹجک تعاون اور قریبی روابط کو فروغ دینے پر بھی زور دیا تاکہ سیاحت کے امکانات میں اضافہ ہو، زیادہ سیاح خطے کا رخ کریں اور علاقائی شراکت داری مزید مستحکم ہو۔محکمہ سیاحت جموں و کشمیر تین روزہ ٹی ٹی ایف حیدرآباد 2026 میں خطے کی متنوع سیاحتی صلاحیتوں کو اُجاگر کر رہا ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد جنوبی ہندوستان کی سیاحتی منڈی میں جموں و کشمیر کی موجودگی کو مضبوط بنانا اور آئندہ سرمائی اور بہارکے سیاحتی موسموں کے لئے زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنا ہے۔اس میلے کا اِفتتاح تلنگانہ کے وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ اور جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے مشترکہ طور پر کیا۔ اِس موقعہ پر قومی ٹریول اینڈ ٹورازم انڈسٹری کے نمایاں نمائندے بھی موجود تھے۔جموں و کشمیر کی اس میلے میں شرکت کا ایک اہم مقصد کشمیر میراتھن کی تشہیر ہے۔ محکمہ سیاحت اعلیٰ معیار کی مہمان نوازی کی سہولیات، خصوصی چھٹیوں کے پیکجز اور سیاحت کے ابھرتے ہوئے مقامات کو اجاگر کر رہا ہے تاکہ سیاحوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے کہ وہ روایتی سیاحتی راستوں سے ہٹ کر نئے تجربات حاصل کریں۔ناصر اسلم وانی کی قیادت میں جموں و کشمیر کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اس میلے میں شرکت کر رہا ہے۔یہ وفد سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد اور ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ مارکیٹ تک رسائی کو مضبوط بنایا جا سکے اور باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔










