گلمرگ کے بغیر پورے کشمیرمیں درجہ حرارت معمول سے زیادہ
سری نگر //محکمہ موسمیات نے جمعے کے روز پہلی پیلی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہاکہ لوگ اورانتظامیہ 5سے7نومبر تک ہونے والی ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری کیلئے تیار رہیں۔اس دوران جمعے کے روزسری نگرسمیت پورے کشمیرمیں مطلع ابرآلودرہا جبکہ صوبے میں بھی آسمان پر زیادہ وقت بادل چھائے رہے ۔محکمہ موسمیات نے رواں موسم سرماکی پہلی پیلی وارننگ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جمعے کے روزبنیادی طور پر خشک موسم، اگرچہ زیادہ تر مقامات پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، لیکن 5سے 7 نومبر تک ’’کافی حد تک گرج چمک کیساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری‘‘ کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے 5 نومبر کو ’مخصوص مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہونے اوربجلی چمکنے کاامکان ظاہر کیاجبکہ 6اور7 نومبر کو جموں اور کشمیر دونوں ڈویڑنوں میں ’’موسلادھار بارش، گرج چمک اور اونچی رسائی پر سطحی ٹریفک میں رکاوٹ‘کیلئے سخت وارننگ جاری کی۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے بتایاکہ احتیاط کی سطح کی نشاندہی کرنے والے موسم کے’ کلر کوڈز‘ کی چار قسمیں ہیں: سبز جس کا مطلب ہے کوئی کارروائی نہیں، پیلا یعنی صورت حال پر نظر رکھی جائے، نارنجی:سرکاری ایجنسیوں کو شدید موسم کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے اور ایجنسیوں کے لئے ریڈ ایکشن کی ضرورت ہے۔دریں اثنا،محکمہ موسمیات نے کہاکہ جمعرات اورجمعے کی درمیانی رات سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اس وقت کیلئے معمول کے درجہ حرارت سے2.5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جومعمول سے1.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام میں، پارہ گزشتہ رات1.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا جویہاں اسوقت معمول سے1.5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت4.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ اس جگہ کیلئے معمول سے2.0ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ادھر سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ رات درجہ حرارت منفی 0.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ معمول سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔محکمہ موسمیات نے نے بتایا کہ کپواڑہ قصبے میں دوران شب پارہ4.6 ڈگری سینٹی گریڈ پر طے ہوا جومعمول سے 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ جمعے کے روزسری نگرسمیت پورے کشمیرمیں مطلع ابرآلودرہا جبکہ صوبے میں بھی آسمان پر زیادہ وقت بادل چھائے رہے ۔مطلع ابرآلود رہنے سے ایسے آثار دکھائی دے رہے ہیں کہ جمعے اورسنیچر کی درمیانی رات میدانی علاقوں میں بارش اوربالائی مقامات پربرف باری ہوسکتی ہے










