پسماندہ خاندانوں تک پہنچ کر انہیں مکانات، سڑکیں، بجلی، پانی اور تعلیم فراہم کی گئی / وزیر اعظم مودی
سرینگر // سال 2014 سے ملک کے غریب، دلت، محروم اور قبائلی خاندانوں کو بااختیار بنانے کیلئے بہت سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ پی ایم جن من یوجنا ملک بھر میں قبائلی بھائیوں اور بہنوں کیلئے چلائی جارہی ہے۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق جمشید پور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ پی ایم جن من یوجنا کے ذریعے ان قبائل تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے جو انتہائی پسماندہ ہیں اور اہلکار خود ایسے خاندانوں تک پہنچ کر انہیں مکانات، سڑکیں، بجلی، پانی اور تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں ترقی یافتہ جھارکھنڈ کیلئے حکومت کی قراردادوں کا حصہ ہیں۔ وزیر اعظم نے یقین ظاہر کیا کہ یہ قراردادیں پوری ہوں گی اور عوام کے آشیرواد سے جھارکھنڈ کے خواب حقیقت بن جائیں گے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کی پہلی قسط آج شروع کی جا رہی ہے جس سے ہزاروں مستحقین کو پکے مکانات کی فراہمی یقینی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم اے وائی جی کے ساتھ دیگر سہولیات جیسے بیت الخلا، پینے کا پانی، بجلی، گیس کنکشن بھی فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے حال کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ قبائلیوں نے اپنے بہتر مستقبل کے بارے میں سوچنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا’’ پی ایم آواس یوجنا کے ذریعے پکے گھروں کے ساتھ جھارکھنڈ کے لوگوں کیلئے گائوں اور شہروں میں ہزاروں نوکریاں بھی پیدا کی جا رہی ہیں۔










