گاندربل اوررام بن میں2المناک سڑک حادثات

42سالہ موٹرسائیکل سوار لقمہ اجل،13سالہ بچی سمیت 8افرادزخمی،2زخمی جموں منتقل

گاندربل ،رام بن//گاندربل اوررام بن میں2الگ الگ سڑک حادثات کے دوران ایک نوجوان موٹرسائیکل سوار لقمہ اجل بن گیا جبکہ13سالہ بچی سمیت 8افرادزخمی ہوگئے ،جن میں سے2زخمیوں کوجموں اورایک کواننت ناگ منتقل کیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے مل شاہی باغ علاقے میں بدھ کو نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار کی موت ہوگئی۔معلوم ہواکہ موٹرسائیکل کونامعلوم گاڑی نے شدیدٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوارموقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔متوفی کی شناخت42سالہ منظور احمد کالوولد غلام احمد کالو ساکن نیسبل سمبل کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے بتایاکہ حادثے کاموجب بننے والی گاڑی اوراسکے ڈرائیورکی تلاش شروع کردی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا ہے اور موقع سے فرار ہونے والے ملزم ڈرائیور کو پکڑنے کے لیے چھاپہ مار کارروائی شروع کر دی ہے۔ادھر جموں سری نگر قومی شاہراہ پرجمعرات کو رام بن ضلع میں کیلامورہ کے مقام پر ایک حادثے میں ایک13 سالہ لڑکی سمیت8 افراد زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک مسافربردار آٹو اورایک ٹرک کے درمیان ہونے والی ٹکرکے نتیجے میں کم از کم8 افراد زخمی ہوئے جنہیں مقامی رضاکاروں اور پولیس سمیت امدادی کارکنوں نے اسپتال منتقل کیا۔ تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ زخمیوںمیں 36سالہ ٹرک کنڈیکٹر فیاض احمد ولد محمد ابراہیم ساکنہ اونتی پورہ،36سالہ ڈڑائیور عمران ساکنہ اونتی پورہ، 22سالہ طارق احمد ولد عبدالغنی شاہ ساکن سیری،19سالہ مبشرولدگلزاراحمدوانی ساکنہ سیری ، 40سالہ منگل سنگھ ولد ہری چندساکنہ شونڈہ مروگ گام،13سالہ سونم دیوی دختر سورج سنگھ ساکنہ شونڈہ مروگ گام،40سالہ سورج سنگھ ،سالہ نصیراحمد ولدعبدالسلام ساکنہ سیری شامل ہیں۔ آٹو ڈرائیور مبشر احمداورسورج سنگھ کوجی ایم سی جموں جبکہ نصیراحمد کوجی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔