آئندہ 24گھنٹوں تک بارشوں کی پیشگوئی ،17جون تک خراب موسم کی پیشگوئی
سرینگر / این این بی // کہیں ہلکی بارشیں اور کہیں ابر آلود موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے13سے 17تک مجموعی طو رپر موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بیچ بیچ میں تیز ہوائیں ، ژالہ باری اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ۔بارشوں اور ابر آلود موسم کے باعث گرمی کی لہر سے لوگوں کو راحت نصیب ہوئی تاہم دن اور رات کا درجہ حرارت بدستور معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وادی کشمیر کے بیشتر علاقو ں میں جمعرات کی شام سے وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں ہوئی جس کے نتیجے میں ماہ جون میں بھی موسم سرد ریکارڈ کیا گیا ۔ جمعرات کی شام دیر گئے تک بارشوں کے ساتھ جمعہ کو دن بھر موسم ابر آلود رہا جس کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم نمی بر قرار تھی ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 13سے 17جون تک کچھ مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کی توقع ہے۔ چند مقامات پر ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے نے جموں و کشمیر میں آنے والے دنوں میں کچھ مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 12جون تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13 سے 17جون کے درمیان زیادہ فعال موسمی نظام کی توقع ہے، جموں و کشمیر کے کئی حصوں میں عام طور پر ابر آلود آسمان اور وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں خطہ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔۔انہوں نے کہا کہ دن کا درجہ حرارت معمول سے اوپر رہا ہے۔ وادی کشمیر کے زیادہ تر حصوں میں اوسط درجہ حرارت 2سے تین ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ رات کا درجہ حرارت بھی غیر معمولی طور پر زیادہ رہا، کشمیر کے بیشتر علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ایک سے 6ریکارڈ کیا گیا۔ کشمیر میں گلمرگ میں سب سے کم درجہ حرارت 11.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور جموں میں بانہال میں 15.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔










