شکاگو/یو این آئی// امریکہ کی ریاست الینوائے میں شکاگو کے مضافاتی علاقہ میں پولیس نے ایک بڑے ہندو مندر کو نشانہ بنا کر اجتماعی فائرنگ کرنے کی سنگین سازش ناکام بنا دی ہے۔ اس سلسلے میں خود کو سفید فام نسل پرست بتانے والے 19 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس کی رائفل عین وقت پر جام ہو جانے کے باعث ایک بڑے سانحہ کو ٹال دیا گیا۔یہ واقعہ اتوار کا ہے ، جس کا انکشاف امریکی حکام نے مقامی وقت کے مطابق چہارشنبہ کی دوپہر کو کیا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہ چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب کا وقت تھا۔پالٹائن اور ماؤنٹ پراسپیکٹ پولیس محکموں نے ملزم الیگزینڈروس پاپوراکیس کو اتوار کے روز گرفتار کیا تھا۔ ملزم الینوائے کے پالٹائن علاقے میں واقع مشہور فاسٹ فوڈ چین ٹاکو بیل کے ایک آؤٹ لیٹ میں کام کرتا ہے ۔اس معاملے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ملزم کے ساتھیوں نے پولیس کو اس کی جانب سے بھیجے گئے مشتبہ پیغامات اور تصاویر کے بارے میں اطلاع دی۔
ملزم نے اپنے ساتھیوں کو آٹھ صفحات پر مشتمل ایک دستاویز بھیجی تھی جس میں اس نے ہندوستانیوں، یہودیوں اور افریقی نژاد امریکیوں کے خلاف نفرت کا اظہار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ہلاک کرنے کی سازش کا ذکر کیا تھا۔کک کاؤنٹی کے اسٹیٹ اٹارنی کے دفتر کے مطابق ملزم اپنے کام کی جگہ پر خود کو سفید فام نسل پرست بتاتا تھا اور ہندوستانیوں کو قتل کرنے کی باتیں کرتا تھا۔ اتوار کے روز اس نے اپنے ایک ساتھی کو فون کرکے بتایا کہ جائے وقوعہ پر اس کی رائفل جام ہوگئی تھی جس کے باعث اسے وہاں سے فوری طور پر فرار ہونا پڑا۔پولیس نے ملزم کے گھر کی تلاشی کے دوران بغیر سیریل نمبر والی اے آر طرز کی رائفل، گولیوں سے بھری میگزینیں، گیس کے کین اور نازی علامتوں سے متعلق اشیا برآمد کی ہیں۔ ملزم کے خلاف دہشت گردانہ دھمکیاں دینے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔










