نئی دہلی/ ایجنسیز //مرکزی حکومت نے موبائل صارفین کو آنے والی کال کے ساتھ کال کرنے والے کا نام دکھانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمۂ مواصلات (ڈی او ٹی) نے ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یکم نومبر 2026 سے اپنے تمام سروس علاقوں میں کالنگ نیم پریزنٹیشن (سی این اے پی) سروس نافذ کریں۔ اس سہولت کے تحت صارفین کو آنے والی کال پر فون نمبر کے ساتھ کال کرنے والے کا نام بھی دکھائی دے گا۔حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق، ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں 4جی اور اس سے جدید ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے وائرلیس نیٹ ورکس پر اس سہولت کی آزمائش پہلے ہی کر چکی ہیں۔ اہل صارفین کو یہ سہولت خودکار طور پر فراہم کی جائے گی اور اس کے لیے الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم 2جی، 3جی اور پبلک سوئچڈ ٹیلی فون نیٹ ورک پر اس سہولت کو نافذ کرنے کا فیصلہ بعد میں جائزے کے بعد کیا جائے گا۔نئے نظام کے تحت کال کرنے والے کا نام کالنگ لائن آئیڈینٹیفکیشن (سی ایل آئی) کا حصہ ہوگا۔ فی الحال آنے والی کال پر عام طور پر صرف فون نمبر دکھائی دیتا ہے لیکن نئی سہولت کے بعد فون کی اسکرین پر نمبر کے ساتھ نام بھی نظر آئے گا۔










