ترکی: استنبول میں شدید بارش اور سیلاب سےدو افراد ہلاک، چھ صوبوں میں اسکول بند

استنبول/یو این آئی// ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں مسلسل موسلا دھار بارش کے بعد آنے والے شدید سیلاب کے باعث دو افراد کی موت ہوگئی ہے۔ صورت حال کے پیش نظر حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر استنبول سمیت چھ صوبوں میں اسکول بند کرنے کا حکم دیا ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ خراب موسم کے باعث شہر میں معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔ استنبول میٹروپولیٹن میونسپلٹی (آئی ایم ایم) کے مطابق، بیکوز میں 242 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو 1985 کے بعد شہر میں درج کی گئی سب سے زیادہ بارش ہے ۔ شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث استنبول ہوائی اڈے پر اترنے سے قاصر 43 پروازوں کا رخ موڑنا پڑا، جبکہ صبیحہ گوکچن ہوائی اڈے پر بھی کچھ وقت کے لیے پروازوں کا آپریشن متاثر رہا۔ اس کے علاوہ کئی میٹرو اور ٹرام خدمات بھی متاثر ہوئیں، جنہیں بعد میں بحال کردیا گیا۔ کئی رہائشی علاقوں میں مکانات اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جس کے بعد انتظامیہ نے راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
ڈیزاسٹر کوآرڈینیشن سینٹر (اے کے او ایم) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ بھی مزید بارش ہوسکتی ہے ، جس کے باعث صورت حال بدستور سنگین رہنے کا خدشہ ہے ۔