انکیتا کے والدین کو تحویل میں لینے پر کانگریس نے مخالفت کی

انکیتا کے والدین کو تحویل میں لینے پر کانگریس نے مخالفت کی

نئی دہلی/یواین آئی//کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے انکیتا بھنڈاری کے والدین کو یہاں انڈیا گیٹ سے تحویل میں لیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کھرگے نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے صبح چار بجے پولیس بھیج کر انکیتا کے والدین کو گرفتار کروا دیا۔ وی آئی پی دشینت گوتم کو بچانے کے لیے وزیراعظم نے حد پار کر دی ہے ۔ انصاف کی التجا کررہے انکیتا کے والدین کو تحویل میں لیا جا رہا ہے ، جبکہ بی جے پی کے وی آئی پی کو گورنر بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اسے اقتدار کے جبر اور سوالوں سے بھاگنے کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بیٹی کو کھو چکے والدین کے ساتھ ایسا سلوک شرمناک اور قابلِ مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی انکیتا کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے بی جے پی پر خاتون دشمن ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انکیتا کے والدین اپنی بیٹی کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے گھر سے میلوں دور انڈیا گیٹ پر بیٹھنے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن وہاں سے انہیں صبح چار بجے ہٹا دیا گیا ہے ۔