یشامدگل نے بی سی سی بی کی پانچویں سالانہ جنرل میٹنگ کی صدارت کی

یشامدگل نے بی سی سی بی کی پانچویں سالانہ جنرل میٹنگ کی صدارت کی

این پی اے کی وصولی اور مالی بحالی کیلئے ’مشن موڈ‘ میں کام کرنے کی ہدایت

جموں//کمشنر سیکرٹری اِمدادِ باہمی اوربی سی سی بی کے ’ پروفیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن یشامدگل کی صدارت میں بارہمولہ سینٹرل کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ (بی سی سی بی) کی پانچویں سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم ) منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، پروفیشنل بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر، محکمے کے دیگر سینئر افسران اور پرائمری ایگری کلچرل کوآپریٹیو سوسائٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر بی سی سی بی ڈاکٹر خالد حسین نے چیئرپرسن اور دیگر شرکأ کا خیر مقدم کیا۔ اُنہوں نے بینک کے کام کاج پرایک تفصیلی پرزنٹیشن دی اور نچلی سطح پر کوآپریٹیو کریڈٹ سٹرکچر کو مضبوط بنانے میں پی اے سی ایس کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔میٹنگ کے دوران شرکأ نے متفقہ طور پر بینک کے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کو منظور کیا ۔ ان میں 31 ؍مارچ 2025 اور 31 ؍مارچ 2026 کو ختم ہونے والے مالی برسوں کے لئے بیلنس شیٹس، نفع و نقصان کے کھاتے اور متعلقہ گوشوارے شامل تھے۔میٹنگ نے مالی برس 2026-27 کے لئے ’ایم/ایس آئی ایم ٹی اینڈ کمپنی، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس‘کی بطور سٹیچوٹری آڈیٹرتقرری کی بھی توثیق کی جسے ریزرو بینک آف اِنڈیا (آر بی آئی) نے منظور کیا تھا۔یشامدگل نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ بی سی سی بی کی مالی بحالی،اثاثوں کے معیار میں بہتری اور عوام کا اعتماد بحال کرنا بینک کے انتظامیہ کی اوّلین ترجیحات ہونی چاہئیں۔ اُنہوں نے’ نان پرفارمنگ اسیٹس (این پی اے) ‘کی وصولی کے لئے نتائج پر مبنی اورمقررہ مدت کے اندر مکمل ہونے والے لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ برانچ کی سطح پر وصولی کے واضح اہداف پابند رویے پر زور دیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ شاخ کے حساب سے واضح وصولی کے اہداف مقرر کریں، فیلڈ کی سطح پر نگرانی کو مضبوط بنائیں اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنائیں۔چیئرپرسن نے واجب الادا کھاتوں کا قرض داروں کے لحاظ سے جامع جائزہ لینے کی ہدایت د ِی۔ اُنہوں نے بینک سے کہا کہ وہ طویل عرصے سے ڈیفالٹر اَفراد کے لئے وصولی کے مخصوص منصوبے تیار کرے اور جہاں ضروری ہو، وہاں مقررہ مدت کے اندر قانونی اور انتظامی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔یشامدگل نے درست کریڈٹ مینجمنٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بینک کو ہدایت دی کہ وہ اپنے کریڈٹ اپریزل اور پری ڈسبرسمنٹ اسسمنٹ کے طریقۂ کار کو مضبوط کرے، پوسٹ ڈسبرسمنٹ مانیٹرنگ کو بہتر بنائے اور لون انڈر رائٹنگ میں کمیوں کو دور کرے۔ اُنہوں نے فیلڈ لیول فالو اپ، ریکوری کی کوششوں کو بہتر بنانے اور کوآپریٹیو کریڈٹ نیٹ ورک کو تقویت دینے کے لئے تمام 92 پی اے سی ایس کے ساتھ قریبی تال میل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔چیئرپرسن نے مالیاتی نظم و ضبط، وسائل کے محتاط انتظام اور قابل اطلاق آر بی آئی کے رہنما خطوط اور احتیاطی اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی اہمیت پر مزید زور دیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ انتظامی اخراجات پر زیادہ کنٹرول رکھیں اور بینک کی مالی حالت، آپریشنل کارکردگی اور ادارہ جاتی جوابدہی کو بہتر بنانے کے لئے مستقل اقدامات کریں۔یشامدگل نے اِدارہ جاتی احیاء پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بینک کی تبدیلی کا انحصار نظم و ضبط کے نفاذ، شفاف کام کاج اور واضح طور پر قابل پیمائش نتائج پر ہوگا۔ اُنہوں نے انتظامیہ، فیلڈ افسران اور پی اے سی ایس کے نمائندوں سے پر زور دیا کہ وہ کوآپریٹیو بینکنگ سسٹم کو مضبوط بنانے اور بینک کے ارکان اور وسیع تر کوآپریٹیو شعبے کے قرض کی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرنے کے لئے اِجتماعی کوششیں کریں۔