ماہر کاریگر رفیق احمد صوفی نے قومی ایوارڈ حاصل کر کے کشمیر کا نام روشن کیا

ماہر کاریگر رفیق احمد صوفی نے قومی ایوارڈ حاصل کر کے کشمیر کا نام روشن کیا

سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر نے عیدگاہ سری نگر کے ماہر کاریگر رفیق احمد صوفی کومرکزی وزارتِ ٹیکسٹائلز کی جانب سے ہاتھ سے بنے ہوئے قالین کے زُمرے میں قومی ایوارڈ 2025 ملنے پر دلی مُبارک باد پیش کی ہے۔رفیق احمد صوفی 2025 کے لئے اِس زُمرے میں جموں و کشمیر سے واحد ایوارڈ یافتہ ہیں۔انہیں یہ ایوارڈ ایک ایسے قالین پر دیا گیا ہے جس میں اِنتہائی باریک پھولوں کے نمونے، روایتی طرزِ تعمیر کے ڈیزائن اور خطاطی کے عناصر شامل ہیں۔محکمہ کے ترجما ن نے آج یہاں جاری ایک پریس بیان میںاس ماہر کاریگر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے قومی سطح پر کشمیر کے مشہور دستکاری او رہینڈ لوم شعبے کانام روشن کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا،’’ یہ اعزاز اُن کی غیر معمولی مہارت اور ہاتھ سے بنے قالین کی روایتی فن میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔‘‘کشمیر کے ہاتھ سے بنے قالین صدیوں پرانی روایت کی نمائندگی کرتے ہیں جس میں باریک گرہ بندی کی تکنیک اور منفرد ڈیزائن عناصر اور ’’تعلیم‘‘کا امتزاج ہے جس کی وجہ سے اسے 2016 میں اس کے ماخذ کے لحاظ سے جی آئی رجسٹریشن سے نوازا گیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ رفیق احمدصوفی کے کام کو قومی سطح پر تسلیم کیا جانا اس ورثے کے دستکاری کی مسلسل برتری اور افادیت کی توثیق کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’ڈائریکٹوریٹ پورے خطے کے کاریگروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ اس کامیابی سے تحریک لیں اور معیار اور فنکاری کے ان اصولوں کو برقرار رکھیں جو کشمیری دستکاری کی پہچان ہیں۔‘‘ایوارڈ کی ایک باضابطہ تقریب دسمبر 2026 ء میں منعقد کی جائے گی جس میں دیگر افراد کے ساتھ ساتھ رفیق احمد صوفی کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔