کپواڑہ میں سی ایل یو میٹنگ کا اِنعقاد،16 معاملات زیر بحث لائے گئے

کپواڑہ //ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نےضلع میں لینڈ یوز کی تبدیلی (سی ایل یو) کے معاملوں کے بارے میں ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ کے آغاز میں ضلع میں سی ایل یو کے زیر اِلتوا ٔ معاملات کے این او سی کے اجرأ کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے جمع کئے گئے تبصروں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں16 معاملات زیر بحث لائے گئے ۔ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پرتفصیلی غور وخوض کے بعد کمیٹی نے 3معاملوں کی منظوری دی ، ایک کو مسترد کیا گیا اور 12 معاملات درخواست گزاروں کو واپس کئے گئے تاکہ کچھ مشاہدات کو کلیئر کیا جاسکے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پی ایس جی اے ایکٹ کی دفعات کے مطابق مقررہ وقت کے اندر معیاری تبصرے اورٹھوس این او سی جمع کرائیں تاکہ سی ایل یو کو بروقت نمٹانے کو یقینی بنایا جاسکے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ چوں کہ سی ایل یو کے معاملات میں مختلف محکموں کے تبصرے شامل ہوتے ہیں، اس لئے بین محکمانہ کوآرڈی نیشن کی ضرورت بڑھ گئی ہے ۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ڈیڈ لائن پر قائم رہیں اور معاملات کا مشترکہ معائینہ کریں۔میٹنگ میں اے سی آر کپواڑہ، ایس ای آر اینڈ بی، سی ای او ایل بی ڈی ڈی اے، چیف ایگری کلچر آفیسر، ایم سی کپواڑہ اینڈ ہنڈواڑہ کے ای اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔