سری نگر//کمشنر سٹیٹ ٹیکسز ڈاکٹر رشمی سنگھ نے آج صوبہ کشمیر کے رِیکوری وِنگ کے ڈیٹا بیس کا اِفتتاح کیا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ یہ ڈیٹابیس اَفسران کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے جس کی قیادت ایڈیشنل کمشنر سٹیٹ ٹیکسز کشمیر ڈویژن شکیل مقبول یتو کر رہے ہیں۔اِس اقدام کا مقصد ٹیکس ناد ہندگان سے متعلق سابقہ ٹیکس نظاموں کے میراثی ڈیٹا کو ڈیجیٹائزاور محفوظ کرنا ہے اور اس سے حکومت کی آمدنی میں اِضافہ ہوگا۔شکیل مقبول یتو نے ڈیٹا بیس کی سہولیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے ان کی ٹیم نے بہت کم وقت میں صفر لاگت پر تیا رکیا ہے ۔ یہ سہولیت اگر آئوٹ سورس ہو تو وقت گزارنے کے علاوہ سرکاری خزانے پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈالے گی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا بیس رِیکوری سر ٹیفکیٹس سے متعلق ڈیٹا کی حفاظت کرے گا اور اس کے اجرأکرنے کے پورے عمل کو بھی آسان بنائے گا۔اُنہوں کہا کہ اِس طرح کی سہولیات سرکاری خزانے کو ہونے والے کسی بھی ممکنہ نقصان کو بچانے اور محکمہ میں اِی ۔ گورننس کے مجموعی بنیادی ڈھانچے میں حصہ اَداکرنے کے لئے تیار کی جاتی ہیں۔










