18نومبرتک موسم جزوی طور پر ابر آلود،پھرایک رات ایک دن ہلکی بارش اوربرفباری
سری نگر//حالیہ برف باری اوربارشوں کے بعدمنگل کے روز جموں و کشمیر میںموسم مجموعی طور پر خشک مگر بیشتر وقت ابرآلود رہاجبکہ محکمہ موسمیات نے اگلے24 گھنٹوں کے لئے بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔اس دوران حالیہ برف وباراں کے بعد میدانی یانچلے علاقوںمیں رات کاکم سے کم درجہ حرارت معمول سے زیادہ لیکن بالائی اوردورافتادہ مقامات پر شبانہ پارہ معمول سے نیچے ریکارڈ کیاگیاہے ۔اس دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوںکے دوران گلمرگ اورلیہ میں تازہ برف باری ہوئی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق اتوار اورسوموارکی درمیانی رات جموں وکشمیر کے بیشتر میدانی علاقوںمیں موسلا دار بارشیں اوربالائی مقامات پر درمیانہ تا بھاری برف باری ہونے کے بعد اب موسم میں ٹھیرائو نظرآرہاہے ،کیونکہ پیر کے بعد منگل کوبھی موسم مجموعی طور پر خشک رہاگرچہ دن بھر زیادہ تر وقت آسمان پر بادل چھائے رہے ۔محکمہ موسمیات نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ جموں وکشمیر میں اگلے24 گھنٹوں کے لئے بنیادی طور پر خشک موسم کاقوی امکان ہے ۔تاہم محکمہ موسمیات نے پھرکہاہے کہ 15سے18نومبرتک موسم جزوی طور پر ابر آلودرہے گا۔نامور ماہر موسمیات اورعلاقائی موسمیاتی مرکزکے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہاہے کہ 18نومبر کی رات سے19نومبرتک موسم ابر آلودرہنے کے بیچ ہلکی بارش اوربرفباری ہوسکتی ہے۔تاہم انہوںنے واضح کیاکہ 20نومبرتک کسی بھی بڑے برفباری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔اس دوران موسمیاتی ماہرین نے کہاکہ ابھی تک کے موسمی ماڈلز اگلے 10سے15 دنوں میں کسی بڑی ویسٹرن ڈسٹربنس کی تجویز نہیں کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کچھ جگہوں پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر سکتا ہے، تاہم، یہ موسم کیلئے کافی عام ہے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے کہاکہ منگل کو زیادہ تر مقامات پر پارے میں گراوٹ درج کی گئی، گلمرگ اور پہلگام میں برف باری کے بعد درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میںمنگل کی صبح ساڑھے8 بجے تک، گلمرگ میں 5 سینٹی میٹر اور لیہہ میں 1.2 سینٹی میٹر تازہ برف باری ہوئی ہے۔پیر اورمنگل کی درمیانی رات درجہ حرارت کے بارے میں، انہوں نے کہا، سری نگر میں گزشتہ رات3.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجوسال کے اس وقت گرما ئی دارالحکومت میں معمول کے درجہ حرارت سے 3.3ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ قاضی گنڈ میںپیر اورمنگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اس سے ایک رات پہلے4.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن کے لیے معمول سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام میں، پارہ پچھلی رات0.6ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی3.4ڈگری سینٹی گریڈدرج کیاگیا اور یہ جنوبی کشمیر کے تفریحی مقام کیلئے معمول سے2.2ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ کوکرناگ میں اتوار اورپیرکی درمیانی رات 4.0 کے مقابلے میں پیر اورمنگل کی درمیانی رات درجہ حررات3..5سینٹی گریڈ کا ریکارڈ کیا گیا اور یہ اس جگہ کے لئے معمول سے 1.2 زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گلمرگ میں پیر اورمنگل کی درمیانی رات منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں پیر اورمنگل کی درمیانی رات درجہ حررات منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو یہاں موجودہ موسم میں معمول سے4.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔انہوںنے مزید بتایاکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت1.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاجومعمول سے1.4ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔










