کشمیر بزمِ ادب سنگرامہ کی طرف سے سالانہ ادبی کانفرنس کا انعقاد

کانفرنس میں جمیل انصاری، شیخ دائوود اور سمیع اللہ کو شجاعت بخاری اعزاز سے نوازا گیا

سرینگر/جمیل انصاری/ادبی مرکز کمراز جموں و کشمیر کی سرپرستی میں مرکز کے ملحقہ یُونٹ کشمیر بزمِ ادب سنگرامہ کے اہتمام اور جے کے پیپلز جسٹس فرنٹ کے اشتراک سے ہیری ٹیج اسکول ہائیگام سوپور میں سالانہ ادبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی پہلی نشست کی صدارت معروف قلمکار اور استاد شاہباز ہاکباری نے کی، جبکہ نامورشاعرشہناز رشید، ادبی مرکز کمراز کے میڈیا سیکریٹری جمیل انصاری، معروف اداکار اور قلمکار گلفام بارجی، زُونل ایجوکیشن آفیسر سوپور، ڈی ڈی سی سنگرامہ عرفان حفیظ لون بھی ایوانِ صدارت میں موجود تھے۔ تقریب کے آغاز میں بزمِ ادب کے صدر ظہور ہائیگامی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کانفرنس کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب پر حبیب ہمراز نے ’’ کشمیری زبان اور اس کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر مقالہ پیش کیا، جس پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ تقریب کے دوران پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں نمایاں کارکردگی کے صلے میں جمیل انصاری، شیخ دائود اور سمیع اللہ کو مرحوم شجاعت بخاری اعزاز سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ بزمِ ادب کے اُن ممبران کو توصیفی اسناد پیش کئے گئے جو صاحبِ کتاب ہیں، جن میں ظہور ہائیگامی، ریاض پروانہ،غلام نبی شیخ،حبہ لالہ اندرگامی، عظیم تاپری، ہلال ہائیگامی ، گُلال کشمیری شامل ہیں۔تقریب پر سکول کے کئی طلباء و طالبات نے کشمیری زبان کی ترقی و ترویج کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کی دوسری نشست میں مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت شہناز رشید نے کی،جبکہ معروف افسانہ نگار جی ایم ماہر اور جوہر رمضان بھی ایوان میں موجود تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض گُلال کشمیری اور خورشید خیال نے انجام دئے۔