12اکتوبرتک80ہزار ٹرک روانہ،روزانہ1500ٹرکوں کی روانگی:صوبائی کمشنرکشمیر
لنگیٹ//صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے جمعے کویہ انکشاف کیاکہ امسال کشمیر وادی میں سیب کی پیداوار21لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ رہی ۔انہوںنے کہاکہ سیب کی بہت زیادہ فصل ہونے سے سری نگرجموں قومی شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔جے کے این ایس نامہ نگار طارق راتھر کے مطابق سرحدی ضلع کے دورے کے دوران اس ضلع کے لنگیٹ علاقے میں ایک تقریب کے موقع پرنامہ نگاروں کے سوالات کاجواب دیتے ہوئے ۔کشمیرکی سیول انتظامیہ کے سربراہ پی کے پولے نے کہا کہ کشمیرمیں سیب کی فصل عام طور پر17 سے18 لاکھ ٹن کے درمیان رہتی ہے تاہم اس سال یہ21 لاکھ میٹرک ٹن سے تجاوز کر گئی۔صوبائی کمشنر کشمیر نے مزید کہا کہ اس سال سیب کی بمپریعنی وافرمقدارمیں فصل کی وجہ سے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ماہ یعنی اکتوبر کی12 تاریخ تک بیرون کشمیر روانہ ہونے والے پھلوں یعنی سیب کی پیٹیوں وڈبوں سے لدے لگ بھگ 80ہزارٹرک قومی شاہراہ سے گزرے جبکہ ان میں سے کچھ ٹرکوں کا رُخ مغل روڈ سے موڑ دیا گیا۔صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہاکہ ابھی قومی شاہراہ پر ٹرکوں کا ہموار گزرنا ہے اور روزانہ کم از کم 1500 پھلوں سے لدے ٹرک یہاں سے گزرتے ہیں۔










