کاپرن شوپیان میں جیش محمد سے وابستہ پاکستانی ملی ٹنٹ ہلاک

کامران بھائی عرف ہانیس عام شہریوںکوتشددکانشانہ بنانے کی کارروائیوںمیں ملوث تھا

سری نگر//جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیان کے کاپرن علاقے میں جمعرات اورجمعے کی درمیانی رات ایک تصادم آرائی میں جیش محمدسے وابستہ ایک پاکستانی ملی ٹنٹ ماراگیا۔اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمارنے اسکی تصدیق کرتے ہوئے مہلوک پاکستانی ملی ٹنٹ کی شناخت کامران بھائی عرف ہانیس کے بطورکی ،اورکہاکہ وہ کولگام اورشوپیان اضلاع کی حدودمیںکافی وقت سے سرگرم تھا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے کہاکہ کچھ ملی ٹنٹوں کی موجودگی یاچھپے ہونے کی مصدقہ اطلاع ملتے ہی شوپیان پولیس ،ایس ائوجی ،فوج اورفورسزکے اہلکاروںنے جمعرات کورات دیر گئے ضلع شوپیان کے کاپرن علاقے کومحاصرے میں لیکر ملی ٹنٹ مخالف آپریشن شروع کیا ۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ خود کومحاصرے میں پاکر یہاں پھنسے ملی ٹنٹوںنے سیکورٹی فورسزکامحاصرہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کے تحت اندھا دُھند فائرنگ شروع کردی ،تاہم سیکورٹی دستوںنے ملی ٹنٹوںکومصروف رکھنے کیلئے فوری جوابی کارروائی عمل میں لاکر فرار ہونے کی کوشش کوناکام بنادیا۔کشمیرزون پولیس نے ایک ٹویٹ میں جانکاری فراہم کی کہ ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق اطلاع ملتے ہی پولیس اورفوج نے کاپرن شوپیا ن علاقے کورات دیر گئے محاصرے میں لیکر آپریشن شروع کیا،جسکے بعدیہاں تلاشی کارروائی شروع ہونے پر ایک تصادم آرائی ہوئی ۔انہوںنے کہاکہ کچھ عرصے کیلئے جھڑپ جاری رہنے کے بعدجب گولی باری رُک گئی ،تو جائے جھڑپ سے ایک ملی ٹنٹ کی نعش اورکچھ ہتھیار وگولی بارود برآمد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار کا حوالہ دیتے ہوئے کشمیرزون پولیس نے مزیدکہاکہ کاپرن شوپیان جھڑپ میں مارے گئے ملی ٹنٹ کاتعلق کالعدم ملی ٹنٹ گروپ جیش محمد سے تھا۔اے ڈی جی پی کشمیر نے مارے گئے ملی ٹنٹ کی شناخت کامران بھائی عرف ہانیس کے بطور ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مہلوک پاکستانی ملی ٹنٹ شوپیان اورکولگام اضلاع میں سرگرم تھا۔انہوںنے کہاکہ ابھی علاقے میں محاصرہ اورملی ٹنٹ مخالف آپریشن جاری ہے ۔پولیس ترجمان نے مزیدکہاکہ ماراگیا پاکستانی ملی ٹنٹ کامران بھائی عرف ہانیس عام شہریوںکوتشددکانشانہ بنانے کی کارروائیوںمیں ملوث تھا۔