فِٹنس ، دیرپائی اور وِکست بھارت ویژن کو فروغ دیا
سری نگر//مرکزی وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے وزیر برائے خوراک، شہری رسد ات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما کے ہمراہ آج سری نگر میں منعقدہ ’’سنڈیز آن سائیکل ۔ سپیشل ایڈیشن (چنتن شیویر 2026)‘‘ تقریب میں شرکت کی جس میں حکومت کی شہریوں میں فِٹنس، ماحولیاتی دیرپائی اور صحت مند طرزِ زِندگی کے فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔چنتن شیویر کی جاری سرگرمیوں کے تحت منعقدہ اس سائیکلنگ ایونٹ میں نوجوانوں، کھیلوں کے شائقین، سرکاری اَفسران اور سول سوسائٹی کے اَرکان نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ یہ ریلی پولیس گالف کورس سے شروع ہوئی اور رائیل سپرنگ گالف کورس پر اِختتام پذیر ہوئی جو ایک صحت مند، متحرک اور ترقی پسند معاشرے کی تعمیر کے لئے اِجتماعی عزم کی علامت ہے۔معزز شخصیات نے شرکأسے خطاب کرتے ہوئے ’’سنڈیز آن سائیکل‘‘ جیسے اَقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی جوفِٹنس اور ماحولیاتی ذِمہ داری کے کلچر کو فروغ دیتے ہیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ سائیکلنگ نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتی ہے بلکہ کاربن کے اخراج کوکم کرنے اوردیرپا زِندگی کے طریقوں کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار اَدا کرتی ہے۔وزراء نے مزید کہا کہ حکومت کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور جسمانی سرگرمیوں میں وسیع پیمانے پر بالخصوص دیہی اور سرحدی علاقوں کے نوجوانوںمیں شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے پرتوجہ مرکوز کر رہی ہے۔ اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اِس طرح کے اَقدامات ایک صحت مند اور متحرک آبادی کو پروان چڑھانے کے مقصد سے ’’وِکست بھارت ‘‘کے وسیع تر ویژن کے مطابق ہیں۔ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ اور ستیش شرما نے شرکأ سے بات چیت بھی کی اور صحت مند طرزِ زِندگی اَپنانے کے حوالے سے ان کے جذبے اور عزم کو سراہا۔ اُنہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سائیکلنگ کو اَپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور صاف ستھرا و سرسبز ماحول کو یقینی بنانے میں فعال کردار اَدا کریں۔تقریب کا اختتام اس عہدکے ساتھ ہوا کہ شرکأفِٹنس کو اَپنائیں گے اور دیرپا طریقوں کے ذریعے قوم کی تعمیر میں بامعنی کردار اَدا کریں گے۔










