ڈاکٹر لیاقت حُسین نیر کی تصنیف’’ الفاظ کے آگے‘‘ کی رسمِ رونمایی

وایس چانسلربابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری پروفیسر اکبر مسعود کے ہاتھوں رونمایی انجام

سرینگر/جمیل انصاری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری جموں کے شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر لیاقت حُسین نیر کی تصنیف ’’ الفاظ کے آگے‘‘ کی رسمِ رونمایی وایس چانسلرپروفیسر اکبر مسعود کے ہاتھوں انجام دی گیی۔ اس تقریب میں ڈین آف اکیڈمک آفیسرپروفیسر اقبال پرویز،ایسوسی ایٹ ڈین آف اسٹوڈنٹس ویلفیر ڈاکٹر علی اصغر شاہ، ایسو سی ایٹ ڈین اسکول آف لینگویجز ڈاکٹر شمس کمال انجم، صاحبِ کتاب ڈاکٹر لیاقت حسین نیر، ڈاکٹر مشتاق احمد وانی، ڈاکٹر محمد آصف ملک، ڈاکٹر دانش اقبال رعنا، گوجتری ، پہاڑی اور کشمیری سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر رفیق انجم، ڈاکٹر ذاکر ملک بھلیسی کے علاوہ اردو کے ریٖسرچ سکالر بھی موجود تھے۔پروفیسر اکبر مسعود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے ڈاکٹر لیاقت حسین نیر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ اپنا ادبی سفر اسی طرح جاری رکھیں۔ پروفیسر موصوف نے مذکورہ کتاب میں شامل مضامین کے بارے میں کتاب کے مصنف سے کچھ سوالات بھی پوچھے، جن کا انہوں نے تسلی بخش جواب دیا۔ اس ادبی تقریب کے موقعے پر پروفیسر اقبال پرویز، ڈاکٹر علی اصغر شاہ، ڈاکٹر شمس کمال انجم، ڈاکٹر ذاکر ملک، ڈاکٹر رفیق انجم، ڈاکٹر مشتاق احمد وانی اور ڈاکٹر آصف ملک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یہاں یہ بات یاد رہے کہ ڈاکٹر لیاقت حسین نیر کی اس کتاب میں اُن کے تنقیدی مضامین شامل ہیں، جو انہوں نے وقتاًً فوقتاًلکھے ہیں۔ انہوں نے جہاں اس کتاب میں اہم افسانہ نگاروں کے فکروفن کو موضوع بنایا ہے وہیں معروف شاعرون کی شعری خدمات پر بھی بحث و تمحیص کی ہے .