چیف سیکرٹری نے ڈوڈہ حادثہ کے بعد بچائو او ربحالی اقدامات کا جائزہ لیا

سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اسر ڈودہ میں بدقسمتی سے پیش آئے سڑک حادثے کے فوراً بعد جس میں 36 اَفراد کی جانیں چلی گئیں اور 19 زخمی ہوئے تھے ، ضلع اورصوبائی اِنتظامیہ کی طرف سے امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا تاکہ تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ڈاکٹرارون کمار مہتا نے اس المناک حادثے پر اپنے گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے ان تمام وجوہات کا جائزہ لینے پر زور دیا جو اس واقعے کے نتیجے میں ہو سکتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ تحقیقات کے ذریعے نشاندہی کردہ خامیوں کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اُنہوں نے ایسے اقدامات کو تیز کرنے پر زور دیا جو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مستقبل میں اس طرح کا کوئی جانی نقصان نہ ہو۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ صوبائی اورضلع ترقیاتی کمشنر سے اب تک کئے گئے امدادی اقدامات اور زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی صورتحال کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اُنہوںنے محکمہ صحت سے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ ان کے لئے علاج آسانی سے دستیاب کیا جائے تاکہ وہ جلد صحت یاب ہوسکیں۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ایل جی انتظامیہ دکھ اور نقصان کی اس گھڑی میں متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سوگوارکنبوں اور اس حادثے میں زخمی ہوئے اَفراد کی بحالی کے لئے تمام اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔بتایا گیا کہ چند شدید زخمی اَفراد کو ان کے علاج کی ضرورت کے مطابق جی ایم سی ڈوڈہ اور جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ۔یہ بتایا گیا کہ ایل جی کی ہدایات کے مطابق انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے ۔ اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سوگوارکنبوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ اُنہوں نے اِس المناک حادثے میں زخمی ہوئے اَفراد کی مکمل اور جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے بھی دعا کی۔