چیف سیکرٹری نے تلمولہ میں سالانہ میلہ کھیر بھوانی کے انتظامات کا جائیزہ لیا

مندر کے احاطے ، سی یو کے کیمپس کا معائنہ کیا ، عقیدت مندوں کی سہولت ، صفائی ستھرائی اور محکموں کے درمیان ہموار تال میل پر زور دیا

گاندر بل//جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے تلمولہ میں ماتا کھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا اور سالانہ میلہ کھیر بھوانی کے انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ ان کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ،صحت اور طبی تعلیم ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل ، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، گاندر بل کے ایس ایس پی کے علاوہ پولیس و سول انتظامیہ کے سینئر افسران بھی تھے ۔ دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے مندر کے احاطے میں موجود مختلف سہولیات کا معائنہ کیا اور مختلف محکموں کی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے صفائی ستھرائی ، پینے کے پانی کی فراہمی ، بجلی کی دستیابی ، روشنی ، عوامی سہولتوں ، طبی امداد ، سیکورٹی ، ٹریفک منیجمنٹ اور عقیدت مندوں کیلئے فراہم کی جانے والی دیگر ضروری خدمات سے متعلق انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ چیف سیکرٹری نے مندر میں قائم میڈیکل ایڈ سنٹر کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ میلے کے دوران ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف ، ادویات ، ایمبو لینسز اور ایمر جنسی رسپانس سہولیات کی مناسب دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ قبل ازیں چیف سیکرٹری نے سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر ( سی یو کے ) کے مین کیمپس تلمولہ کا بھی دورہ کیا ، جہاں آنے والے عقیدت مندوں کیلئے رہائش کی سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ٹینٹیج ایریا ، سائنس بلاک ، ایڈمنسٹریٹو بلاک اور یاتریوں کے قیام کیلئے مخصوص کئے گئے دیگر علاقوں کا معائینہ کیا اور ان کے آرام سے قیام کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ معائنہ کے دوران انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ مناسب حفظانِ صحت ، صفائی اور عقیدت مندوں کیلئے مناسب سہولیات کو یقینی بنائیں ۔