چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کمپلیکس سری نگر میں میڈیکل ایڈ سینٹر کا اِفتتاح کیا

سری نگر//جموں وکشمیر اورلداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس علی محمد ماگر ے نے آج یہاں ہائی کورٹ کمپلیکس میں ڈسپنسری کم میڈیکل ایڈ سینٹر کا اِفتتاح جسٹس تاشی ربستان ، جسٹس سنجے دھر ، جسٹس جاوید اِقبال وانی،جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی، جسٹس وسیم صادق نرگل اور جسٹس راجیش سکھری ججوںکی موجودگی میں کیا ۔میڈیکل ایڈ سینٹر کو بنیادی اور ایمرجنسی طبی خدمات جیسے اِی سی جی ، بلڈ شوگر ٹیسٹ ، کووِڈ ٹیسٹنگ ، ویکسی نیشن اور متعلقہ سہولیات جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں وکلاء ، ملازمین اور مدعیان کو فراہم کرنے کے لئے اَپ ڈیٹ کیا گیا ہے ۔اِس ڈسپنسری میں ایک اندرون خانہ فارمیسی بھی ہوگی جو مخصوص ادویات مفت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ویکسی نیشن مہمات ،وقتاًفوقتاً کووِڈ ٹیسٹنگ اوراہم ضروریات کا اِنعقاد کرے گی۔ چیف جسٹس کی ہدایت اور رہنمائی میں سینٹر کو تیار کیا گیا ہے۔ہائی کورٹ کے احاطے کے اندران ممبروں کی ضروریات کو پورا کرے گا جو روزانہ کی بنیادی پر بھاری تعداد میں آتے ہیں اور یقینی طور پر ہنگامی حالات سے بچنے میں مدد کرے گا۔میڈیکل ایڈ سینٹر وکلاء کا ایک طویل عرصے سے زیر اِلتوأ مطالبہ رہا ہے اور اس ہیلتھ کیئر یونٹ کے اِفتتاح کو ججوں ، رجسٹری اَفسران ، ایڈووکیٹ ، عملہ اور عام لوگوں نے بہت سراہا ہے ۔ وکلاء اور عملے کے اَرکان نے ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیکل ایڈ سینٹر کے حوالے سے اِس نوعیت کے بنیادی ڈھانچے کے قیام کے طویل عرصے سے زیر اِلتوأمطالبات کو دُور کرنے پر چیف جسٹس کا شکریہ اَدا کیا۔چیف جسٹس نے اِنسٹی ٹیوشن کا ئونٹر ، وکلاء کے کمرے اور وکلاء کی لائبریری کا بھی معائینہ کیا اور موقعہ پر کچھ ہدایات دیں۔اِس موقعہ پر رجسٹرار جنرل سنجیو گپتا ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری راجیو گپتا ، رجسٹرار ویجی لنس شہزاد عظیم ، رجسٹرار جوڈیشل سری نگر، جوائنٹ رجسٹرار جوڈیشل ، جوائنٹ رجسٹرار اِنسپکشن ، کنوینر بار ایسو سی ایشن سری نگر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور دیگر بھی موجود تھے۔ سی ایم او سری نگر ، سینئر میڈیکل اَفسران ، ایڈووکیٹ ، رجسٹری اَفسران اور جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے دیگر عملہ بھی موجود تھے۔